فواد چودھری نے توہین الیکشن کمیشن کے تیسرے کیس میں بھی معافی مانگ لی

اسلام آباد :(بیورورپورٹ) توہین الیکشن کمیشن کے تیسرے کیس میں بھی سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے معافی مانگ لی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس پر سماعت کی، فواد چودھری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،دوران سماعت فواد چودھری نے توہین الیکشن کمیشن کے تیسرے کیس میں بھی معافی مانگ لی، الیکشن کمیشن نے فواد چودھری کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی،فواد چودھری نے دوران سماعت کہا2 کیسز میں معافی مانگ چکا ہوں، پورے پاکستان میں انسداد دہشت گردی عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا آپ تحریری جواب جمع کرائیں،سابق وفاقی وزیر نے کہا توہین کا معاملہ تو معافی تلافی پر ختم ہوجاتا ہے، ممبر بلوچستان نے کہا ایسے تو پھر روز ہوتا رہے گا، فواد چودھری نے کہاچیف صاحب تو جا رہے ہیں،فواد چودھری نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کا اور میرا علاقہ بھی ایک ہی ہے،بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فواد چودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی مزید سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کردی۔