قابل افسران کمپنی کا سرمایہ، ہمیشہ کامیابی کیلئے دعا گو رہیں گے: چیف ایگزیکٹو لیسکو

لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکو کے قابل افسران کمپنی کا سرمایہ افتخار ہیں اور ہم ان کی کامیابی کے لئے ہمیشہ دعاگو رہیں گے۔ انہوں نے یہ بات حال ہی میں ریٹائر ہونے والے چیف انجینئر (ٹی ایس)ڈیزائن محمد اخلاق قادری کے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب کے دوران کہی۔ لیسکو ہیڈ کوارٹر میں چیف انجینئر (ٹی ایس)ڈیزائن محمد اخلاق قادری کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے چیف انجینئر (ٹی ایس)ڈیزائن محمد اخلاق قادری کا کہنا تھا کہ میں اس کمپنی کا بہت دل سے شکرگزار ہوں جس نے ہمیشہ اپنے کام کرنے والوں کو عزت دی ہے اور میں اس کا تہہ دل سے مشکور ہیں۔ لیسکو ہماری پہچان ہے اور میں نے اس کمپنی سے بہت تجربہ حاصل کیا ہے۔ دوسری طرف وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 539ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے175 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ31کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 2 انڈسٹریل 17 کمرشل12 زرعی اور508 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو4لاکھ53ہزار354 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1 کروڑ68 لاکھ93 ہزار873 روپے ہے۔علاوہ ازیں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر نادہندگان سے ریکوری کا عمل تیز کردیا گیا، اس سلسلے میں ایک روز کے دوران2556نادہندگان سے50 لاکھ82ہزار روپے سے زائد کی ریکوری کرلی گئی۔ دریں اثناءوزارت پاور ڈویژن کی خصوصی ہدایات پر لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد لیسکو صارفین کو بجلی بلوں اور دیگر معاملات میں درپیش مسائل کا فی الفور ازالہ کرنا ہے۔ چیف ایگزیکٹو انجینئرشاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکو کے آٹھوں سرکلز میں اس حوالے سے خصوصی کچہریاں لگائی جارہی ہیں۔ میڈیا اور پینا فلیکسز کے ذریعے عوام الناس کو اس بابت پیشگی اطلاع بھی دی جارہی ہے۔ تمام ایس ڈی اوز اپنی ٹیم کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی سب ڈویثرنز میں کھلی کچہریوں کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنا رہے ہیں۔ ایس ایز اور ایکسین ان کچہریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ منعقد ہونے والی کھلی کچہریوں میں مختلف نوعیت کی کل1319شکایات موصول ہوئیں جس میں سے1316شکایات کا موقع پر ازالہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدرخود بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ کھلی کچہریوں کا سرپرائز وزٹ بھی کر رہے ہیں۔ کھلی کچہریوں میں آنے والے صارفین نے لیسکو کے اس عمل کا خیر مقدم کیا اورامید ظاہر کی کہ لیسکو آئندہ بھی صارفین کی سہولت کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔