راولپنڈی،اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے پاکستان مکمل پولیس سٹیٹ ،ضیا ،مشرف سے بھی زیادہ سخت مارشل لاءہے، پریکٹس پروسیجر کمیٹی پر جسٹس منصور علی شاہ کا موقف درست ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے کہا عمران خان نے کہاسپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں پر فیصلے سے سب واضح ہو گیا، چیف الیکشن کمشنر جانبدار امپائر ہی نہیں بلکہ ان کی ٹیم کا اوپنر بلے باز ہے، قاضی عیسیٰ دوسرا بلے باز ہے ، تمام حرکات مفادات کا ٹکراو ہیں، چاہتے ہیں دو تہائی اکثریت مل جائے اور امپائروں کو توسیع ملے، واضح ہو گیا قاضی فائز عیسیٰ لندن پلان کا حصہ تھا ، قوم کےساتھ فراڈ کیا، مئی اور 8 فروری کی درخواستیں قاضی فائز عیسیٰ نے نہیں سنیں بلکہ 4نشستیں کم کر دیں، ہر حربے کے ذریعے نشستوں کو کم کیا جا رہا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا ہماری کوئی بھی پٹیشن نہیں سنی جا رہی سب کچھ بے نقاب ہو گیا ہے، تھرڈ امپائر پشت پر ہے اس کو بھی توسیع ملے گی، ایک گروپ بنا ہوا ہے، نیب ترامیم کا کیس چل رہا تھا تب بھی کہا لیکن ہمیں نہیں سنا گیا، الیکشن سے پی ٹی آئی کو باہر رکھنا اور پارٹی کو اڑا دینا کوشش تھی اب سب بے نقاب ،سارے پردے ہٹ چکے ۔
عمران خان نے کہاکہا بدقسمتی ہے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کی خبریں ہیڈ لائین بنتی ہیں ، دنیا میں کہیں بھی فوجی افسر کی تعیناتی پر خبریں نہیں چھپتیں ایسا صرف پاکستان میں ہوتاہے،مشرف دور میں بڑے بڑے جلسے کیے لیکن کبھی اتنا ظلم نہیں کیا گیا۔
علاوہ ازیں
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی،ذرائع کے مطابق ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی جو ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی، ملاقات میں جلسوں،سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی۔
دریں اثنا بانی پی ٹی آئی عمران خان کا نام ٹی وی پر نشر کرانے کےلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی،درخواست اکمل خان باری ایڈووکیٹ نے دائر کی جس میں پیمرا سمیت نجی چینلز کو فریق بنایا گیا
علاوہ ازیں علیمہ خان نے کہا راولپنڈی میں جلسے کی اجازت نہ ملی تو احتجاج ہو گا ،اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے علیمہ خان نے کہا بانی پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں اگر یہ عدالتی آئینی ترامیم میں دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گئے تو ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھا کر 68 سال کر دیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد و دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
پاکستان پولیس سٹیٹ ،ضیا ،مشرف سے بھی زیادہ سخت مارشل لا ہے،عمران



















