ایس آئی ایف سی کی معاونت ،خام تیل کے ذخائر میں 26 ،گیس میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان میں مالی سال 2024 کے اختتام پر خام تیل کے ذخائر میں 26 فیصد جبکہ گیس کے ذخائر میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ”ایکسپلوریشن اور پروڈکشن“میں نئی دریافتوں کے ذریعے تیل کے ذخائر 10 سال اور گیس کے ذخائر 17 سال تک کے استعمال کیلئے دستیاب ہو چکے ہیں۔پاکستان پیٹرولیم انفارمیشن سروس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تیل کے دستیاب شدہ ذخائر دسمبر 2023 کے 193 ملین بیرل کے مقابلے میں جون 2024 میں 243 ملین بیرل جبکہ گیس کے ذخائر دسمبر 2023 میں 18.10 ٹریلین کیوبک فٹ سے بڑھ کرجون 2024 میں 18.47 ٹریلین کیوبک فٹ ہو گئے۔ماہرتوانائی حمدان احمد نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خام تیل کی پیداوارمیں 50 ملین بیرل اور گیس کے ذخائر میں 1.1 ٹریلین کیوبک فٹ اضافے کی وجہ نئی دریافتیں اوردستیاب شدہ ذخائرمیں اعلی سطح پر کی جانے والی حکومتی کاوشیں ہیں۔ان کامیابیوں کے حصول میں او جی ڈی سی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ کا نمایاں کردار ہے، اس مثبت پیشرفت کے ساتھ توقع کی جاتی ہے کہ ایس آئی ایف سی کی معاونت سے کی گئی حکومتی اصلاحات گیس کے شعبے میں ایکسپلوریشن اور پروڈکشن سیکٹر کو پرکشش بنائیں گی۔توانائی کے ماہرین کے مطابق مقامی ذخائرخام تیل ریفائنریوں کو ڈیزل کی 70 فیصد اورپیٹرول کی 30 فیصد مانگ کو پورا کرنے میں مدد دیتے ہیں، ایس آئی ایف سی کی معاونت سے تیار کردہ نئی حکومتی پالیسیوں کی مدد سے ہائیڈرو کاربن کی تلاش میں تیزی آئیگی جو اس شعبے کی ترقی کا پیش خیمہ ہے۔