صوبائی سرحدی و دریائی چوکیاں دہشت گردی کیخلاف پہلی ڈیفنس لائن ہیں :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرپنجاب پولیس کا صوبائی سرحدی چیک پوسٹوں کو مضبوط بنانے کا مشن تکمیل کی جانب گامزن ہے اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت تعینات افسران اور اہلکاروں سے ویڈیو لنک اجلاس باقاعدگی سے جاری ہیں۔ اسی مناسبت سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی، ڈی پی او راجن پور کیپٹن (ریٹائرڈ) دوست محمد، چیک پوسٹ سخی سرور، تریمن، ادھی والا، بیت باغ شاہ اور شاہ ولی کے سٹاف کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ ڈی پی اوز ڈی جی خان اور راجن پور نے چیک پوسٹوں پر تعینات نفری، سہولیات، وسائل اور چیلنجز بارے بریفنگ دی،ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر بھی اجلاس میں موجود تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس کی صوبائی سرحدی و دریائی چوکیاں دہشت گردی کے خلاف پہلی ڈیفنس لائن ہیں، چوکیوں پر تعینات پولیس جانباز خوارجی دہشت گردوں و سماج دشمن عناصر کے آگے سیسہ پلائی دیوار ہیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ سرحدی و دریائی چیک پوسٹوں کا سمگلنگ کی روک تھام میں اہم کردار ہے، پنجاب پولیس تمام سرحدی چیک پوسٹوں کو اضافی نفری، جدید وسائل سے مزید مضبوط بنا رہی ہے۔دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس فورس اور انکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے فرض کی راہ میں زخمی ہونیوالے بہادر غازیوں کے علاج معالجے کیلئے مزید 24 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ پولیس کانسٹیبل سلمان اصغر کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے، لاہور پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل اشفاق احمد کو علاج معالجے کیلئے 07 لاکھ روپے جاری کئے گئے، لاہور ہی کے کانسٹیبل ظفر اللہ کو طبی اخراجات کیلئے 3 لاکھ روپے دئیے گئے، راولپنڈی کے کانسٹیبل آصف کو علاج معالجے کیلئے 3 لاکھ روپے جاری کئے گئے، غازی اے ایس آئی قمر عباس کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے گئے۔ مذکورہ پولیس افسران و اہلکار پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران جرائم پیشہ عناصر سے مقابلے میں زخمی ہوئے تھے۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کی زیر صدارت اجلاس میں پولیس ملازمین کیلئے فنڈز اجراءکی منظوری دی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ پولیس فورس کے جانباز غازیوں کا بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی اولین ترجیح ہے، سپروائزری افسران ذاتی نگرانی میں غازی افسران و اہلکاروں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر یقینی بنائیں۔