منشیات ڈیلرز و سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد منشیات انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے اور ڈرگ فری پنجاب مہم کے سلسلے میں پولیس ٹیمیں منشیات کی لعنت کے خلاف صوبہ بھر میں ان ایکشن ہیں ، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایک روز میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 287 چھاپے مارے گئے، مکروہ دھندے میں ملوث 120 ملزمان گرفتار ہوئے، 117 مقدمات درج کئے گئے، ملزمان کے قبضہ سے 90 کلو گرام چرس، 3 کلو ہیروئن، 10 کلو افیون ، 1405 لٹرز شراب برآمد ہوئی ، ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ ماہ فروری سے جاری کریک ڈاون کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 18459 ریڈز کی گئیں، منشیات کے دھندے میں ملوث 22477 ملزمان گرفتار اور 23048 مقدمات درج کئے گئے، ملزمان کے قبضہ سے 14667 کلوگرام چرس، 291 کلو گرام ہیروئن ،433 کلو گرام افیون، 109 کلو آئس، 17 لاکھ 62 ہزار لٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز و سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ماڈرن ڈرگز کی خریدو فروخت، آن لائن سپلائی اور استعمال کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ و کومبنگ آپریشنز کئے جائیں، منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دی جائیں۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم اور مصروف عمل ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع میں تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کو مختلف عارضوں کے علاج کیلئے 15 لاکھ سے زائد فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے انسپکٹر ماجد اقبال بھٹی کو آنکھ کے آپریشن کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے گئے۔ ریٹائرڈ ڈی آئی جی ڈاکٹر مسعود سلیم کو اہلیہ کے طبی اخراجات کیلئے اڑھائی لاکھ روپے جاری کئے گئے ، لاہور پولیس کے ٹریفک وارڈن صابر حسین کو اہلیہ کے علاج کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے دئیے گئے اسی طرح شہید کانسٹیبل ضیائ اللہ کی اہلیہ کو سنگین بیماریوں کے علاج کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے جاری کئے گئے ، ساہیوال کے انسپکٹر وزیر احمد کو عارضہ قلب کے علاج کیلئے 01 لاکھ روپے دئیے گئے، ریٹائرڈ اسسٹنٹ محمد انور کو ہارٹ ٹریٹمنٹ کیلئے 01 لاکھ روپے جاری کئے گئے ، لاہور پولیس کے ڈرائیور کانسٹیبل محمد ریاض کو گردوں کے علاج کیلئے 01 لاکھ روپے دئیے گئے جبکہ باقی رقم مختلف بیماریوں کا شکار پولیس ملازمین کو اپنے اور اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے دی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے نئے پراجیکٹس شروع کر رہے ہیں اور ہیلتھ تعاون کا دائرہ کار مزید وسیع کریں گے۔