190 ملین پاونڈ ریفرنس،اعظم خان، پرویزخٹک ،زبیدہ جلال طلب

راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں اعظم خان، پرویز خٹک،زبیدہ جلال ،بنی گالہ کے پٹواری کو بطور گواہ طلب کرلیا گیا۔

ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں کی،عمران،بشریٰ کو پیش کیا گیا،سماعت کے دوران 3گواہوں پر جرح مکمل کرلی گئی،عدالت نے آئندہ سماعت پر سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم اعظم خان ، سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک ، زبیدہ جلال،بنی گالہ کے پٹواری عباس کو طلب کرکے سماعت 10جولائی تک ملتوی کر دی ۔

دریں اثنا لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مقدمات میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوانے کا حکم دےدیا،ایڈمن جج خالد ارشد نے عمران خان کی جناح ہاوس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت کی،وکیل نے دلائل دیئے جج صاحب، القادر ٹرسٹ کیس چھوڑ کر دلائل کیلئے پیش ہوا ہوں، بانی پی ٹی آئی کی دوسری عدالت سے 4 مقدمات میں عبوری ضمانت ہو چکی، دوسری عدالت نے ملزم کے پیش ہوئے بغیر ہی فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے فیصلے کی کاپی پیش کی جائے،وکیل نے استدعا کی عمران خان کی ویڈیو لنک پر ایک جھلک ہی دکھا دی جائے،جج خالد ارشد نے ریمارکس دیئے میں نے ویڈیو لنک پر پیشی کے احکامات جاری کر دیئے ، بانی پی ٹی آئی کی ایک جھلک دکھا دیں گے، وکیل نے کہا اب جھلک دکھانا کچھ آسان ہے کیونکہ منہ دکھائی سپریم کورٹ میں ہو چکی۔

ادھر عمران خان کی بیٹوں سے ملاقات کیلئے دائر درخواست متن میں حقائق کےخلاف استدعا اور غلطیوں کی بنا پر واپس لے لی گئی،انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کی سرزنش کردی۔

عدالت نے قرار دیا درخواست میں آن لائن بات چیت و دیگر انتظامات پر باتیں حقائق کے منافی ہیں، آپ کو حقائق کا علم نہیں ،بعد میں پی ٹی آئی کے وکلانے ضروری ترمیم کے بعد نئی درخواست دائر کر دی ،عدالت نے اڈیالہ جیل انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی۔