بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی 20 ورلڈکپ کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

بارباڈوس (مشرق نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا فائنل کل بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونا ہے تاہم یہ فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ موسم کا حال بتانے والی مختلف ایپلی کیشنز نے ہفتے اور اتوار کو بارباڈوس میں بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ ہفتے کو میچ ڈے کے موقع پر بارباڈوس میں علی الصبح سے شام 6 بجے تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ فائنل کیلئے اتوار کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے تاہم ریزرو ڈے کے روز بھی بارباڈوس میں بارش کا امکان ہے جبکہ اتوار کو صبح 11 سے شام 5 بجے کے درمیان بھی بارش متوقع ہے۔ ورلڈکپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق فائنل میچ کے دونوں دنوں کیلئے 190 منٹ کا اضافی وقت رکھا گیا ہے۔ واضح رہے میچ کا آفیشل دورانیہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10 سے دوپہر ایک بجکر 40 منٹ تک ہے اور اضافی وقت کی صورت میں کھیل 4 بجکر 50 منٹ تک جاری رہ سکے گا۔ اگر فائنل مکمل نہ ہو سکا تو بھارت اور جنوبی افریقہ مشترکہ طور پر ٹی ٹوئنٹی چیمپئن قرار پائیں گے۔