پنجاب پولیس آبپاشی عملہ کو بھرپور تحفظ فراہم کررہی ہے: کاظم پیرزادہ ،آئی جی پنجاب سے ملاقات میں تبادلہ خیال

لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور صوبائی وزیر آبپاشی نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، صوبائی وزیر آبپاشی نے راجن پور سمیت دیگرسرحدی اضلاع کی دریائی چوکیوں پر تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا، صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ نے کہا کہ پنجاب پولیس کچہ ایریاز میں دریائی بندوں کی تعمیر و مرمت کے دوران آبپاشی عملے کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے، صوبائی وزیر نے راجن پور میں کچہ کریمنلز کے حملے کے دوران محکمہ آبپاشی کے عملے کو بھرپور تحفظ فراہم کرنے پر پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا،صوبائی وزیر کاظم علی پیر زادہ نے کہا کہ دورہ راجن پور کے دوران اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور انعام حفاظتی منچن بند پر تعینات پولیس ٹیم کو دی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے صوبائی وزیر آبپاشی کو پنجاب پولیس کے تھانوں کی اپ گریڈیشن پر مبنی خصوصی کتاب ” تھانے پنجاب دے“ بھی پیش کی۔دریں اثناءپنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جڑانوالہ فیصل آباد میں دیرینہ دشمنی پر 3 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی پی او فیصل آباد کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دے کر خود فالو اپ کی ہدایت کی۔ مقتولین میں 45 سالہ صدیق، 22 سالہ زبیر اور 23 سالہ غفران شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور نے گوجرانوالہ میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے 02 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سی پی او گوجرانوالہ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ واقعہ میں ہلاک ہونے والے مقتولین میں رانا احمد اور عدیل شامل ہیں۔