پیپلزپارٹی بجٹ منظوری میں بھرپور ساتھ دے گی: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے چائلڈ پروٹیکشن کے قصور دفتر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن سارہ احمد، ڈی سی او قصور ارشد بھٹی، سربراہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ قصور زرتاب راجہ اور ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن افتاب احمد خان بھی موجود تھے۔ سپیکر ملک احمد خان نے دفتر میں موجود بچوں سے ملاقات کی۔ سپیکر ملک احمد خان نے چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن سارہ احمد کی غیر متزلزل محنت پر سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع قصور میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن کا یہ یونٹ تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ ملکر ضلع قصور کے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریگی۔ سپیکر ملک احمد خان نے مزید کہا کہ ہر ضلع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا قیام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سپیکر ملک احمد خان نے بچوں کو قوم کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو ہر قسم کی پروٹیکشن فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔ حکومت چائلڈ پروٹیکشن کی ہیلپ لائن 1121کو مزید مضبوط کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر صحافیوں کے سوالات کے جواب میں سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی بجٹ منظوری میں ہمارا بھرپور ساتھ دیگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر اپوزیشن لیڈر کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کا حق ملے گا۔ سائفر کیس سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ سائفر ایسا کیس ہے جسے قومیں معاف نہیں کرتیں۔