شراب کے 15 ہزار پرمٹ ہولڈرز کا بائیومیٹرک نہ ہوسکا

لاہور (علی جنید) ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کی ناقص پالیسی کے باعث شراب کے 15 ہزار پرمٹ ہولڈرز کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہونے کے باوجود بائیومیٹرک نہ ہوسکا جس کی آڑ میں ڈائریکٹر جنرل آفس میں شراب کی روزانہ کی کھپت چیک کرنے والوں نے پنجاب بھر کے 9 ہوٹلوں کے پرمٹ رومز سے باقاعدہ ”حصہ وصولی“ شروع کردی ہے جس سے محکمہ ایکسائز کی شہرت پنجاب کے ایوانوں میں نہایت ابتر ہوچکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب فیصل فرید نے محکمے میں آنے کے بعد صوبے بھر میں شراب کی فروخت بذریعہ بائیو میٹرک کرنے کا اعلان کیا اور اس سلسلے میں ڈی جی آفس میں کمیٹی بھی تشکیل دےدی۔ بعدازاں خود موصوف ائر کنڈیشنڈ دفتر میں بیٹھ کر کمیٹی و دیگر افسران سے میٹنگ کرتے رہے اور کسی بھی ہوٹل میں سرپرائز وزٹ کیا ہی نہیں جس کے باعث پنجاب بھر میں قریباً 15 ہزار شراب کے پرمٹ کمپیوٹرائزڈ ہوگئے مگر ڈی جی آفس میں موجود ایک گروہ مسلسل تمام پرمٹ رومز منیجرز سے روزانہ کی بنیاد پر جعلی رعب ڈالتے ہوئے رجسٹر چیک کرتا ہے، لیکن کوئی بھی اعتراض لگانے کے بجائے اپنا طے شدہ حصہ وصول کرتے ہیں اور ڈائریکٹر جنرل فیصل فرید کو کہا جاتا ہے کہ سب بہترین چل رہا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ ڈائریکٹر جنرل کو پنجاب کابینہ ناپسندیدگی کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے جس کے نتائج بہت جلد متوقع ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل کے علم میں لائے بغیر ہی انکا پرمٹ رومز منیجرز سے سودا کیا جا رہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ ہاو¿س کے حلقوں میں یہ بات بھی زیرگردش ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب بھر کے 9 ہوٹلوں کے پرمٹ رومز منیجرز کا گزشتہ ایک ماہ کا واٹس ایپ کال ڈیٹا نکلوائیں تو معلوم ہوجائیگا کہ انکے آفس کے کون کون سے افسران اس گھناو¿نے دھندے میں ملوث ہیں لہٰذا سیکرٹری ایکسائز پنجاب مسعود مختار کو اس معاملے میں سنجیدہ میٹنگ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔