بیروزگاری میں کمی، ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے سازگار کاروباری ماحول مہیا کرینگے :جام کمال

لاہور (کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک میں مینوفیکچرنگ سیکٹر کے فروغ کیلئے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے ایک بہترین، سوچی سمجھی اور قابل عمل حکمت عملی وضع کی ہے۔بیروزگاری میں کمی اور SMEs کو فروغ دینے کیلئے سازگار کاروباری ماحول کو یقینی بنایا جائیگا۔ وفاقی وزیر نے لاہور چیمبر میں تقریباً دو گھنٹے گزارے، اراکین کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل پر تفصیل سے بات کی۔ تاجر برادری کو درپیش معاشی مسائل پر گرفت رکھنے والے جام کمال نے لاہور چیمبر کے اراکین کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ یہ وزارت تجارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کاروباری برادری کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کیلئے ان سے رابطہ برقرار رکھے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی اولین ترجیح تجارت، برآمد، درآمد، مینوفیکچرنگ اور ٹیرف کی مسابقت سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔ مزید برآں، سرکلر ڈیٹ، آئی ایم ایف کی شرائط، اور مختلف اداروں کی نااہلی جیسے مسائل، جو صارفین پر بوجھ ڈالتے ہیں، سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی مسائل کے حل میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کی ضمانت دی ہے۔جام کمال خان لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے وزیر کا خیرمقدم کیا اور تاجر برادری کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی جن میں مہنگائی، کرنسی کی قدر میں کمی، بجلی، گیس، توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، سود کی بلند شرح، ایم ڈی آئی چارجز، ایکسل لوڈ قوانین اور کارگو کی ترسیل میں اضافہ شامل ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ حالیہ ایس آر اوز (457، 350، 1842) نے رجسٹرڈ افراد پر ٹیکس کے بوجھ میں اضافہ کیا ہے، جس سے مزید پریشانی ہوئی ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، سابق صدور میاں مصباح الرحمان، محمد علی میاں، شاہد حسن شیخ، عبدالباسط اور طارق مصباح نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹی ڈییپ فوزیہ چوہدری، لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور تاجر برادری کے نمائندے بھی موجود تھے۔ کاشف انور نے کہا کہ درآمدی ٹیرف کا استعمال بنیادی طور پر محصولات کے حصول کیلئے صنعتی کارکردگی اور برآمدی صلاحیتوں پر منفی اثر ڈالتا ہے۔ انہوں نے مقامی صنعتوں کو سپورٹ کرنے اور سمگلنگ کو کم کرنے کیلئے ٹیرف کے ڈھانچے میں تبدیلیوں پر زور دیا۔ کچھ خام مال پر ڈیوٹی میں کمی کو تسلیم کرتے ہوئے، انہوں نے صنعتی کاموں کو آسان بنانے اور مسابقت کو بہتر بنانے کیلئے غیر مقامی طور پر تیار کردہ خام مال پر مزید کمی اور ڈیوٹیز کے بتدریج خاتمے پرزور دیا۔ لاہور چیمبر کی پوزیشن میں برآمدات کو بڑھانے کے مقابلے میں درآمدات میں کمی کو ترجیح دینا، لوکلائزیشن کی حوصلہ افزائی اور صنعتکاری کو فروغ دینے کیلئے درآمدی متبادل شامل ہے۔ کاشف انور نے پیچیدہ ڈیوٹی سسٹم کو آسان بنانے کیلئے بنیادی مواد پر 0% ڈیوٹی، انٹرمیڈیٹ گڈز پر 5-10%، اور نیم تیار اور کنزیومر گڈز کیلئے سلیب کے ساتھ ایک نظرثانی شدہ ٹیرف ڈھانچہ تجویز کیا۔ انہوں نے تکنیکی ترقی کی سہولت کیلئے مشینری اور درمیانی اشیا پر ڈیوٹی کم کرنے اور تجارتی درآمد کنندگان اور صنعتکاروں کیلئے ایس ایم ایز کو سپورٹ کرنے کیلئے ڈیوٹی کی شرحوں کو مساوی کرنے کی بھی سفارش کی۔ انہوں نے برآمدات کو بڑھانے کیلئے افریقہ، وسطی ایشیا اور آسیان ممالک جیسی غیر استعمال شدہ منڈیوں تک رسائی کی اہمیت پر زور دیا۔ ٹیکسٹائل، چاول اور چمڑے کے علاوہ، انہوں نے برآمدات کو بڑھانے کیلئے حلال فوڈ، فارماسیوٹیکل، آئی ٹی، اور انجینئرنگ جیسے شعبوں کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے آئی ٹی سیکٹر میں اپنی برآمدی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ادائیگیوں کے مسائل کو حل کرنے پر زور دیا اور ایک ایسا طریقہ کار بنانے کی تجویز دی کہ تمام ترسیلات زر کو غیر ملکی بینکوں میں رکھنے کی بجائے پاکستان میں لایا جائے۔