لاہور (اپنے رپورٹر سے) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں فصل کی باقیات جلانے والوں کی گرفتاریوں اور مقدمات کا اندراج جاری ہے جبکہ نارووال میں فصل کی باقیات جلانے والے تین افراد کو گرفتار کر کے انکے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈسٹ کنٹرول سٹرٹیجی کے تحت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے صبح 7 سے 9 بجے تک لاہور کے انٹری پوائنٹس کی صفائی کا کام شروع کر دیا ہے، جن میں راوی ٹول پلازہ، سگیاں ٹول پلازہ، بابوصابو، ٹھوکر نیاز بیگ، اور گجومتہ شامل ہیں۔محکمہ تحفظ ماحول کے سپیشل سکواڈ نے ایم ایم عالم روڈ پر زیرتعمیر سائٹ کو ڈسٹ سے متعلق ایس او پیز پورے نہ کرنے پر سیل کردیا ہے اور آج سے محکمہ کی ٹیموں کا سرچ آپریشن شروع ہو چکا ہے جس میں دھواں اور آواز پیدا کرنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف بڑا کریک ڈا¶ن کیا جائیگا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ہدایت کی کہ جہاں بھی خلاف ورزی ہو، وہاں سخت ترین کارروائی کی جائے۔ سموگ کو بھی کووڈ کی طرح سنجیدگی سے لیا جائے۔ ماحولیاتی بہتری اور سموگ کے خاتمے کیلئے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر شفٹ کیا جائے، ورنہ انہیں فوری بند کیا جائے۔حکومت نے قانونی کارروائی حالیہ سروے کے نتائج کی بنیاد پر کی ہے۔ مٹی اور ریت کی ٹرالیوں کے ڈیزائن کو بدلنے کی ضرورت ہے تاکہ سڑکوں کو ڈسٹ فری بنایا جائے۔ضلعی انتظامیہ اور نمبردار اپنے علاقوں میں مساجد سے اعلان کریں اور کسانوں کو فصل کی باقیات جلانے سے روکیں۔ ڈپٹی کمشنرز علاقہ نمبرداروں کو اعتماد میں لیں اور کسانوں کو فصل کی باقیات جلانے کے نقصانات اور قانون کے بارے میں آگاہ کریں،سموگ اور زہریلا دھواں موت کا سبب بننے والے امراض پیدا کرتا ہے۔ میڈیا اور عام شہری زہریلے دھوئیں پر قابو پانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
سموگ ختم کیلئے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے:مریم اورنگزیب



















