لاہور پولیس کے لباس میں کالی بھیڑیں،بھتہ نہ دینے پر شہری کیخلاف مقدمات درج کرانا کانسٹیبل کا معمول

لاہور (مرزا ندیم بیگ) لاہور پولیس کے لباس میں چھپی کالی بھیڑیں، مبینہ طور پر شہری پر بھتہ نہ دینے کے خلاف تنویر خان نامی کانسٹیبل کا ایف آئی آر درج کروانا معمول بن گیا۔ شہری خلیل احمد آٹو سپیئر پارٹس کا کاروبار کرتا ہے۔ کانسٹیبل تنویر خان ،وسیم خان اور دیگر پیٹی بھائیوں کی موٹر سائیکل کیلئے سپیئر پارٹس خریدتے رہے اور ادھار کر لیتے جب ادھار کی رقم بڑھنے پر دکان مالک نے اپنی رقم کا مطالبہ کیا تو تنویر خان طیش میں آگیا اور چند دنوں بعد شہری خلیل کی سپیئر پارٹس کی دکان پر ریڈ کرکے گرفتار کرکے کئی دن نجی ٹارچر سیل میں رکھا اور 50 ہزار رشوت کا مطالبہ کرتے رہے رشوت نہ دینے پر شہری خلیل احمد پر منشیات فروشی کی ایف آئی آر درج کردی گئی۔ جب شہری خلیل نے پولیس کے اعلیٰ حکام آئی جی پنجاب کے دفتر درخواست بھی دے رکھی ہے۔ آئی جی آفس میں درخواست دینے پر کانسٹیبل تنویر خان شہری کو کھلے عام دھمکیاں دے رہا ہے کہ میں بہت با اختیار ہوں اپنی درخواست واپس لو ورنہ پھر منشیات فروشی کا مقدمہ بنا دوں گا اور جیل کی سیر کرواو¿ں گا۔ حالیہ دنوں میں جاری ہونے والی پولیس افسران کی منشیات فروشی کی سہولت کاری کی فہرست میں بھی تنویر خان کا نام موجود ہے۔ شہری خلیل احمد نے وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے انصاف کی فوری فراہمی کی اپیل کی ہے۔