واسا راوی ٹاﺅن ایکسین ٹو کی ملی بھگت، سیورمین، ٹیوب ویل آپریٹر کلرک کی ڈیوٹی پر مامور

لاہور (قمر عباس نقوی) واسا راوی ٹاﺅن ایکسین ٹو کی ملی بھگت، سب ڈویژن مصری شاہ میں سیورمین اور ٹیوب ویل آپریٹر کلرک کی ڈیوٹی پر مامور، غیرحاضر ملازمین کی حاضری لگانے کا سلسلہ جاری، مستقل جونیئر کلرک کی سالہا سال سے بغیر ڈیوٹی تنخواہ وصولی، خطرہ الاﺅنس ادائیگی کی مد میں سیورمین سٹاف سے رشوت لینے کا بھی انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق واسا راوی ٹاﺅن کے ایکسین ٹو کی ملی بھگت سے سب ڈویژن مصری شاہ میں ورک چارج سیورمین عقیل اور ریگولر ٹیوب ویل آپریٹر بلال چوہدری ٹکٹ نمبر 13584 کو بطور کلرک تعینات کررکھا ہے جو انتظامی امور کی انجام دہی کو سرانجام دیتے ہوئے مصری شاہ سب ڈویژن کے ملازمین کی حاضری سمیت دیگر امور کو دیکھ رہے ہیں جبکہ سی بی اے یونین کے عہدیدار جونیئر کلرک زاہد خان ٹکٹ نمبر 20526 کی طرف سے سالہاسال سے بغیر ڈیوٹی کے تنخواہوں کی وصولی کا انکشاف کیا گیا ہے۔ مبینہ طور پر سیورمین ورک چارج عقیل کی طرف سے غیرحاضر جونیئر کلرک کی حاضری لگائی جا رہی ہے جس پر راوی ٹاﺅن انتظامیہ نے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ ذرائع کے مطابق جونیئر کلرک 20526 کو دفتری امور کی انجام دہی سے آگاہی نہ ہونے سمیت کلرک کیلئے بنیادی اصول ٹائپنگ اور اس میں مطلوبہ سپیڈ جو کہ ایک منٹ میں کم سے کم 35 سے 40 الفاظ ہونا ضروری ہے لیکن جونیئر کلرک کے سیاسی شخصیات کے ساتھ تعلقات کی بنیاد پر اس معاملے کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے۔ ذرائع کا مزید کا کہنا تھا کہ مصری شاہ میں سیاسی مخالفت کی بنیاد پر مخالف یونین عہدیدران کو معطل اور ورک چارج ملازمین کو نوکری سے فارغ کیا جا رہا ہے۔ مبینہ طور پر واسا راوی ٹاﺅن انتظامیہ کی ملی بھگت سے مصری شاہ میں غیر قانونی اقدامات سرانجام دئیے جا رہے ہیں۔ ورک چارج سیورمین اور ٹیوب ویل آپریٹر جو کہ کلرک کی ذمہ داری دے رہے ہیں، انکی طرف سے اوور ٹائم اور خطرہ الاﺅنس کے حصول کیلئے رشوت وصول کرکے جونیئر کلرک کو ادا کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جونیئر کلرک کی طرف سے واسا ہیڈ آفس میں تعینات سکیل 19 اور سیاسی شخصیت سے قریبی تعلقات کی بنیاد پر بغیر ڈیوٹی کئے تنخواہ کی وصولی کی جا رہی ہے اور کام کرنیوالے ملازمین کیخلاف سیاسی مخالفت کی بنیاد پر معطل کروانے کی منصوبہ بندی میں ایکسین نمبر ٹو کے ساتھ سازباز کی گئی ہے۔ اس معاملے پر مزید نشاندہی آئندہ روزنامہ ”مشرق“ شائع کریگا۔ ڈائریکٹر راوی ٹاﺅن حافظ راحیل سے موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا گیا انکی جانب سے موقف نہیں دیا گیا۔