لاہور (کامرس رپورٹر) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میںکپاس کی فصل بارے تیسراجائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو سمیت ممبران صوبائی اسمبلی رانا سلیم،چوہدری ضیاالرحمان،چوہدری اسامہ فضل،اسامہ لغاری اور زاہد اکرم کی خصوصی شرکت۔اجلاس میں کپاس کی فصل کی کاشت کے ہدف کے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ میں کپاس کی بحالی ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ موجودہ حکومت نے خطہ جنوبی پنجاب کو کاٹن ویلی میں دوبارہ تبدیل کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔ ملکی معیشت کو سہارا صرف کپاس کی فصل ہی دے سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف 40 لاکھ ایکڑ مقررکیا گیا جس سے 65 لاکھ روئی کی گانٹھوں کے حصول کا ہدف حاصل کیا جائیگا۔ کپاس کی کاشت اور پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ میں سبز انقلاب لانے کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ جعلی کھادوں و زرعی زہروں کے دھندے میں ملوث عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے۔ مارکیٹ میںمعیاری زرعی مداخل کی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ شعبہ زراعت (توسیع) و پیسٹ وارننگ کا فیلڈ عملہ اپنے دوروں کا ماہانہ شیڈول مرتب کرکے ارسال کرے تاکہ اس کے مطابق ان کی مانیٹرنگ کی جاسکے۔کپاس کی کاشت کے علاقوں میں نہری پانی کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔
پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف 40 لاکھ ایکڑ مقررکیا گیا: صوبائی وزیر زراعت



















