بھاٹی گیٹ پولیس جواریوں ،منشیات فروشوں کی سرپرست،نوجوان نسل تباہ

لاہور:(حافظ کاشف سندھو )تھانہ بھاٹی گیٹ کا علاقہ جواریوں،منشیات اور گٹکا کی فروخت کا مرکز بن گیا، جگہ جگہ منشیات جیسے ناسورسمیت جوا خانے بھی کھل گئے، مقامی پولیس کا کرپشن کا بازار گرم ،جرائم پیشہ عناصر سے ساز باز کر کے کھلم کھلا جرائم کرنے کی اجازت دےدی، نشہ آور اشیاءسر عام فروخت ہونے کے باعث نوجوانوں کی بڑی تعداد کے ساتھ بچے،بوڑھے اور خواتین بھی نشے کی لت میں مبتلا ہو گئیں۔

متعلقہ پولیس کے جوان علاقہ کے منشیات فروشوں سے مبینہ طور پر پیسے وصول کرکے محافظ بن گئے ،تھانہ بھاٹی گیٹ کے علاقہ تھانے کے ساتھ والی گلی،نور محلہ گوداموں میں سمیعاں محلہ اور امام بارگاہ کے پاس جوا اور تحصیل بازار،ملووالی گلی محلہ چومالہ،بڑی سیڑھیاں ، شیش محل کی گھاٹی ،کھو والی گلی،بھاٹی گیٹ تھانے کےساتھ والی گلی اور نور محلہ سمیت دیگر مقامات پر چرس، آئس اور شراب کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے۔

ہاتھوں میں چھرے پکڑے منشیات فروش سرعام منشیات کی فروخت کرتے نظر آتے ہیں، اگر کوئی ان کی شکایت لےکر تھانے جائے یا منشیات کی فروخت سے روکے تو منشیات فروش ان کو چھرا مار کر لہو لہان کر دیتے ہیں جس سے بہت سے لوگوں کی اموات بھی ہو چکی ہیں پھر بھی اہل علاقہ متعدد بار اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے شکایات تھانے لے کر گئے، شنوائی نہ ہونے پر الٹا ڈرا دھمکا کر پولیس واپس بھیج دیتی ہے ،پولیس کی جانب سے کسی بڑے ڈیلر کو پکڑنے کی بجائے چھوٹے موٹے کارندوں کو پکڑ کر اعلیٰ افسروں کو سب اچھا کی رپورٹ دےدی جاتی ہے،شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ،آئی جی ،سی سی پی او لاہور اور ایس پی سٹی قاضی علی رضا سے مطالبہ کیا ہے تھانہ بھاٹی گیٹ کے علاقہ میں ہونےوالی سر عام منشیات فروشی کو بند کرایا جائے اور ایس ایچ او کو سختی سے بڑے منشیات فروشوں کےخلاف کارروائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔