جے بلاک گلشن راوی،قبضہ مافیانے مسجد کوبھی نہ چھوڑا،دکانیں کرائے پر دیدیں


لاہور:(مرزا ندیم بیگ )ساندہ کے علاقہ میں قبضہ مافیانے مسجد کوبھی نہ چھوڑا،مسجدکی دکانیں کرائے پردےدیں،جے بلاک گلشن راوی لاہورمیں جامع مسجدعائشہ صدیقہ سے مسجدکانظام چلتاہے،دکانوں پرملک شہباز،ملک اشرف،رانانثار اورشاہدحسن نے ملی بھگت سے قبضہ کرنے کے بعد دکانیں کرائے پردےدیں،ساندہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی کاآغاز کردیا۔

ابو بکر صدیق کالونی بند روڈ کے رہائشی افراد نے کہا ملزموں نے غنڈہ گردی کی انتہا کر رکھی ہے،کوئی پوچھنے والا نہیں ،ظالموں نے اللہ کا گھر بھی نہیں چھوڑا ،موجودہ صورتحال میں پہلے ہی جتنی مہنگائی ہے سفید پوش لوگوں کا جینا دو بھر ہو گیا ہے اب جن لوگوں نے وہاں دکانیں کھول رکھی ہیں وہ اب کرایہ مسجد انتظامیہ کو دیں یا ان لوگوں کو کرایہ کی مد میں جگا ٹیکس دیں، ابوبکر صدیق کالونی بند روڈ کے رہائشی فیاض کے مطابق عرصہ دراز سے یہ سلسلہ چل رہا ہے تاہم اس کا آج تک کوئی سدباب نہیں کیا گیا ، کچھ عرصہ قبل میرے بہنوئی یوسف پر بھی قاتلانہ حملہ ہوا ، وقوعہ والے روز سگیاں بند روڈ مسجد کے باہر پان سگریٹ کے کھوکھے پر کھڑا تھا اس وقت مسزچودھری بہنوئی کے پاس موجود تھیں جس کو میرا بہنوئی بتا رہا تھا کارپوریشن والوں نے میرا کھوکھا ہٹا دیا ،میں اپنے بچوں کی روزی کماتا تھا، کارپوریشن والوں نے بہت زیادتی کی، اسی دوران حمزہ شہبازمسلح آہنی راڈ اور شاہد شہباز مسلح پسٹل آئے اور آتے ہی حمزہ نے دستی راڈ سے میرے بہنوئی یوسف پر حملہ کر دیا، دونوں نے جان سے مارنے کی نیت سے تشدد کیا ،وہاں پر موجود خاتون کے شور کرنے پرحمز ہ شہباز اور شاہد شہبازموقع پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے ، حملہ کرنے کا مقصد کرایہ وصول کرنا تھا، انکار کرنے کی پاداش میں دونوں ملزموں نے حملہ کیا ،اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سے قبضہ گروپ کےخلاف فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔