منظم جرائم کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کے حامل لاہور پولیس کے افسران و اہلکاروں کی تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی اقبال ٹاون اخلاق اللہ تارڑ، ایس پی صدر ڈویژن سدرہ خان، اے ایس پی چوہنگ کامل مشتاق، اے ایس پی رائے ونڈ شاہ رخ خان، اے ایس پی احمد گلشن راوی سرکل نصر اللہ ملک، ڈی ایس پی ٹاون شپ افتخار وریا اور ایس ڈی پی او مسلم ٹاون عاطف معراج کو تعریفی لیٹرز دئیے جبکہ گرین ٹاون، نواب ٹاون، ستو کتلہ، رائے ونڈ، جوہر ٹاون اور وحدت کالونی تھانوں کے ایس ایچ اوز اورٹیم میں شامل دیگر افسران و اہلکاروں کو سی سی ون سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ ایس پی اقبال ٹاون اخلاق اللہ تارڑ کی زیر قیادت پولیس ٹیم نے فراڈ کے ذریعے انسانی گردوں کو نکال کر آگے بیچنے کے نیٹ ورک میں شامل ملزمان کو بے نقاب کرکے گرفتار کیا۔ اے ایس پی احمد گلشن راوی سرکل نصر اللہ ملک کی زیر قیادت پولیس ٹیم نے بینک سے رقم نکال کر جانے والے شہریوں کو لوٹنے والے ملزمان کے دو رکنی گروہ کو گرفتار کیا۔ ایس پی صدر کی زیر قیادت چار پولیس ٹیموں نے جرائم کنٹرول، رابری معہ قتل کو ٹریس کرنے اور پولیس انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ میں نمایاں کردار ادا کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس کی ان چار ٹیموں کی انتھک محنت کی بدولت صدر ڈویژن میں سنگین جرائم کے گراف میں 45فیصد جبکہ 15 کال ڈیٹا گذشتہ برس کے تقابلی جائزے میں 42 فیصد بہتری آئی۔پولیس ٹیموں نے مختلف واقعات میں مطلوب خطرناک ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا، رابری معہ قتل سمیت سنگین جرائم کے متعدد واقعات ٹریس کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پیزاقبال ٹاون اور صدر ڈویژن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے جرائم کنٹرول اور شہریوں کی بہترین خدمات کی فراہمی مزید بہتر کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہاکہ منظم جرائم کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ خواتین اور بچوں سے متعلقہ جرائم کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس کے تحت سخت کاروائیاں جاری رکھی جائے اور صنفی جرائم میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ منشیات کے قلع قمع اور پتنگ بازی کی روک تھام کی جاری مہم کو بھرپور محنت سے مزید موثر بنایا جائے اور مکروہ و خطرناک کاروبار میں ملوث ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی پنجاب پولیس کی احسن روایت ہے جس کا سلسلہ مستقبل میں جاری رکھا جائے گا۔دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس ایچ او رائے ونڈ لاہور انسپکٹر ابرار حیدر کو گیلنٹری ایوارڈ سے نوازا ہے۔ انسپکٹر ابرار حیدر کو سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں گیلنٹری ایوارڈ سے نوازا گیا، تقریب میں انسپکٹر ابرار حیدر کے اہلخانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ انسپکٹر ابرار حیدر کو دوران ڈیوٹی بہادری اور فرض شناسی کے بے مثال مظاہرے پر گیلنٹری ایوارڈ کا حق دار ٹھہرایا گیا۔ انسپکٹر ابرار حیدر نے سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب خطرناک ملزمان کی سرکوبی کا مشن پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سر انجام دیا۔ لاہور رائے ونڈ کی نجی ہاو¿سنگ سوسائٹی میں گذشتہ برس مجرمان نے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھینی، فائرنگ کرکے شہریوں کو زخمی، پٹرولنگ ڈیوٹی پر مامورانسپکٹر ابرار حیدر نے مجرمان کا بہادری سے مقابلہ کیا، فائرنگ تبادلے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا کیفر کردار تک پہنچا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انسپکٹر ابرار حیدر کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ جرائم کے خاتمے اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی کیلئے اسی جوش و جذبے کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔