پولیس ملازمین کی استعداد کار اور تعلیمی قابلیت میں اضافہ اوّلین ترجیح ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی جانب سے پولیس ملازمین کو اعلی تعلیم کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے 48 پولیس ملازمین کو معروف نجی یونیورسٹی سے ماسٹرز، ایم فل اور دیگر، اعلیٰ ڈگریوں کیلئے 22 ملین روپے کے تعلیمی سکالرشپ جاری کردئیے ہیں۔ تعلیمی سکالرشپ حاصل کرنیوالوں میں کانسٹیبلان، ہیڈ کانسٹیبل، جونیئر کلرک، سب انسپکٹر، پولیس ٹیکنیکل آفیسر سمیت دیگر رینک کے افسران واہلکار شامل ہیں جو یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں جدید ترین مضامین میں اعلی تعلیم حاصل کریں گے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین نے کہا کہ پنجاب پولیس اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ ٹیکنالوجی نے پولیس ملازمین کی اعلی تعلیم کیلئے دو ماہ قبل ایم او یو سائن کیا تھاجس کے تحت پولیس ملازمین کوآرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا سائنسز، پبلک پالیسی، سکیورٹی اینڈ سٹرٹیجک سٹڈیز،میتھ میٹکس، سپلائی چین مینجمنٹ، اکنامکس اور انفارمیشن سسٹم مضامین میں اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف دئیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس ملازمین کی استعداد کار اور تعلیمی قابلیت میں اضافے کیلئے بھرپور معاونت جاری رہے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ڈی آئی جی ویلفیئر تعلیمی وظائف سے متعلقہ درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائیں۔ دوسری طرف پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈ سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں ،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے ساڑھے 16 لاکھ مزید جاری کر دئیے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پی سی راولپنڈی کے سب انسپکٹر نوید اقبال کو بلڈ کینسر کے علاج کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے۔ کانسٹیبل عبدالخالق کو بلڈ پریشر سمیت مختلف عارضوں کے علاج کیلئے 3 لاکھ روپے جاری، ساہیوال کے سب انسپکٹر ندیم انور عاصم کو کینسر کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے۔ لاہور پولیس کے کانسٹیبل عثمان سعید اور ٹریفک اسسٹنٹ اسد علیم کو کینسر کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔ لاہور پولیس کے سب انسپکٹر جمیل شاہد کو سپائنل سرجری کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مذکورہ بالا فنڈز ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد جاری کئے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کو علاج معالجے میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائیگی۔