15 سے 20 اداروں کی فوری نجکاری ہونی چاہئے،علیم خان

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وفاقی وزیرعلیم خان نے کہا ہے15 سے 20 اداروں کی فوری نجکاری ہونی چاہئے، پاکستان خسارے میں چلنے والے اداروں کا مزیدمتحمل نہیں ہو سکتا۔

اپنے بیان میں علیم خان نے کہانجکاری کے معاملے میں پی آئی اے ایڈوانس سٹیج پر ہے،نقصان والے اداروں پرفوری فیصلوں کی ضرورت ہے،پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع ہیں، غیر ملکیوں کے علاوہ ملکی سرمایہ کاروں کو بھی راغب کیا جائےگا۔

دریں اثنا وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کا مشاورتی اجلاس ہوا،پی آئی اے کی نجکاری کیلئے ارنسٹ اینڈ ینگ کی قیادت میں قائم کنسورشیم کے مالی مشیر نے بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے قومی ایئر لائن ( پی آئی اے)کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پی آئی اے کسی بھی خریدار کیلئے سرمایہ کاری کا زبردست موقع ہے،قومی ائیرلائن کی میراث، نیک نیتی و صلاحیت کے پیش نظر سرمایہ کاری مفید ثابت ہوگی۔