لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی قیادت میں سینئر پولیس افسران نے سول سروسز اکیڈمی والٹن کا دورہ کیا، ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس، ایس ایس پی مستنصر فیروز، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، پی ایس او ٹو آئی جی پنجاب حمزہ امان اللہ اور اے ایس پی گلبرگ شہربانو نقوی پولیس وفد میں شامل تھے، سینئر پولیس افسران نے زیر تربیت نوجوان افسران کو گڈ گورننس، پیشہ ورانہ امور کے چیلنجز بارے لیکچرز دئیے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوجوان افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں شہریوں کو خدمات کی فراہمی، غیر مصدقہ ڈس انفارمیشن کا مقابلہ کرنے کیلئے سوشل میڈیا نہایت کارآمد ذریعہ ہے، عوامی خدمت و تحفظ کو شعار بناتے ہوئے تمام اختیارات شہریوں کی خدمت، انصاف کی فراہمی پر مرکوز رکھیں، ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس نے نوجوان افسران کو انتطامی امور اور درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے بارے رہنمائی فراہم کی، اے ایس پی سیدہ شہربانو نقوی نے فیلڈ پوسٹنگ کی مشکلات اور ذمہ داریوں سے نوجوان افسران کو آگاہ کیا، ایس ایس پی مستنصر فیروز نے ملٹی ٹاسکنگ سمیت اہم موضوعات بارے آگاہی دی، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے نوجوان افسران کو پروفیشنل اور ذاتی زندگی میں توازن برقرار رکھنے کے بارے میں آگاہی دی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور وزٹنگ افسران نے زیرتربیت افسران کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دئیے اور انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے میں مکمل رہنمائی فراہم کی۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سروس، ویلفیئر اور پیشہ ورانہ امور میں میرٹ کے مطابق ملازمین کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیحات میں شامل ہے،آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی نگرانی میں فورس کی ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری رکھیں اور اس حوالے سے کئے گئے اقدامات کی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں ملازمین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی اور ملازمین کے مسائل سن کر ریلیف فراہمی کیلئے اقدامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل واجد علی کی ایک ضلع سے دوسرے ضلع باہمی تبادلے کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو میرٹ کے مطابق کاروائی کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے ہیڈ کانسٹیبل رفاقت علی (مرحوم) کے بیٹے، ڈرائیور کانسٹیبل مشتاق احمد کی بیٹی کی فیملی کلیم پر بھرتی کی درخواستوں پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف کی ہدایت کی، غازی کانسٹیبل محمد شکیل کی مالی معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ذاتی نگرانی میں ہر ممکن ریلیف فراہمی کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہیڈ کانسٹیبل اکرم مرحوم کی بیوہ کی سرکاری گھر فراہمی کی درخواست مزید کاروائی کیلئے ڈی آئی جی ویلفیئر کو بھجوا دی، محمد نواز شہید کی بیٹی کی بطور جونیئر کلرک اور ہیڈ کانسٹیبل اکرم کے بیٹے اسرار اکرم کی بھرتی کی درخواستوں پر اے آئی جی ایڈمن کو کاروائی کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے ایڈمن، ڈسپلن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں سن کر ریلیف کے بارے میں احکامات بھی جاری کئے۔
زیرتربیت نوجوان افسران شہریوں کی خدمت، انصاف کی فراہمی کو مشن بنائیں :آئی جی پنجاب



















