پاکستان کی ساتویں زراعت شماری 2024ءمیں کرانے کا منصوبہ

لاہور (اپنے رپورٹر سے) ساتویں خانہ و مردم شماری (پہلی ڈیجیٹل مردم شماری) کی کامیاب تکمیل کے بعد، پاکستان ادارہ شماریات ملک بھر میں ساتویں زراعت شماری کو مربوط ڈیجیٹل شمار کے طور پر کرنے کے عمل میں ہے۔ PBS نے UNFAO کے بہترین بین الاقوامی طریقوں اور رہنما اصولوں کے مطابق زرعی، لائیو سٹاک، اور زرعی مشینری شماری کو ایک زراعت شماری میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس عمل کو شروع کرنے کیلئے پی بی ایس نے صوبائی محکموں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں شروع کر دی ہیں۔ بورڈ آف ریونیو، زراعت (توسیع)، لائیو سٹاک، ادارہ شماریات پنجاب، کراپ رپورٹنگ سروسز جیسے سٹیک ہولڈرز کی شرکت نے پاکستان ادارہ شماریات کے نقطہ نظر، ضروریات کی نشاندہی کرنے اور ان مسائل کو حل کرنے میں مدد کی ہے جو زراعت شماری کے فیلڈ آپریشن کے دوران پیش آ سکتے ہیں۔پہلا کامیاب اجلاس سندھ کے صوبائی سینسز کوآرڈی نیشن سنٹر پی 3 سی میں ہوا جس کے بعد دوسرا صوبائی اجلاس 15 فروری 2024 کوP3C صوبائی دفتر پنجاب لاہور میں ڈاکٹر نعیم الظفر چیف کمشنر پاکستان کی زیرصدارت منعقد کیا گیا۔ سرور گوندل، ممبر ((SS/RM، بشمول دوسرے افسران اور صوبائی محکموں کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیف شماریات کمشنرڈاکٹر نعیم الظفر نے تمام شرکا کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت کا جی ڈی پی میں 23 فیصد حصہ ہے اور 37 فیصد افرادی قوت کو روزگار فراہم کر رہا ہے، اسلئے شواہد پر مبنی پالیسی سازی کیلئے زرعی شعبے کے تازہ ترین اعداد و شمار کی ضرورت ہے جو کہ زراعت شماری 2024 کے ذریعے فراہم کی جاسکتی ہے۔کامیاب فیلڈ آپریشن کیلئے سٹیک ہولڈرز کی شمولیت پر زور دیا گیا۔ سرور گوندل نے ایک بریفنگ دی اور فورم کو طریقہ کار، فیلڈ آپریشن پلان، میڈیا اسٹریٹجی، اور بجٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔ زراعت شماری کیلئے 650 ملین کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ زراعت شماری میں کل 11054 موضع/بلاک شامل ہوں گے جن میں سے 4501 پنجاب میں ہیں۔ انہوں نے ستمبر-اکتوبر 2024 کے دوران فیلڈ آپریشن کا ٹائم شیڈول بھی پیش کیا۔ یہ ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے زراعت کے شعبے میں پہلی مربوط ڈیجیٹل مشق ہوگی۔ ڈیجیٹل پہلوو¿ں میں ٹیبلٹ پر مبنی ڈیٹا اکٹھا کرنا، موضع/بلاک کے ڈیجیٹائزڈ نقشوں کا استعمال، ایس ایم ایس گیٹ وے، کال سینٹر، مختلف ورکنگ گروپس، شکایت کے حل کا طریقہ کار، ملٹی میڈیا، انٹرنیٹ، ساو¿نڈ سسٹم، لیپ ٹاپس، پرنٹرز کی سہولیات والے 157 تربیتی مقامات بھی شامل ہوں گے۔ بنیادی ٹریننگ میں مماثلت کو یقینی بنانے کیلئے انٹرایکٹو ویڈیوز، آڈیوز، تصاویر کا استعمال کرتے ہوئے تربیت دی جائیگی۔ سرور گوندل نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ہر ڈپٹی کمشنر آفس میں 157 زراعت شماری سپورٹ سینٹر قائم کئے گئے ہیں جو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔ ڈویژنل اور ضلعی مردم شماری کوآرڈینیٹرز کو پاکستان ادارہ شماریات نے پہلے ہی تکنیکی رہنمائی اور آپریشنل انتظام کیلئے ہر سپورٹ سنٹر میں تعینات کیا ہے۔