لاہور:(شوکت مروت)لاہور شہر میں پی ایس ایل ٹورنامنٹ کے میچز کی وجہ سے ایک بار پھر عوام کا امتحان شروع ہو گیا، قذافی سٹیڈیم میں کھلاڑیوں کو لے جانے سے لےکر واپسی کے مقرر کئے گئے ٹائم پر مال روڈ سمیت اس سے ملحقہ تمام روڈ بند کر دیئے جاتے ہیں جس کے باعث عوام ایمرجنسی ہو یا کوئی اور وجہ منزل مقصود تک نہیں پہنچ پاتے، گذشتہ روز بھی پروٹوکول کےلئے کیے گئے حفاظتی انتظامات نے ٹریفک جام کیے رکھی جس سے لوگ سیخ پا ہو گئے ، وارڈنز کےلئے ٹریفک کنٹرول کرنا محال ، تلخ کلامیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
پی ایس ایل ٹورنامنٹ کھیلنے کےلئے لاہور کے ہوٹل میں ٹھہری ہوئی کرکٹ ٹیمیں جن میں بیرون ممالک کے کھلاڑی بھی شامل ہیں کی حفاظت کےلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، پریکٹس کےلئے گراﺅنڈ تک لے جانے اور واپسی کے ٹائم پر ان کے طے شدہ روٹ پر گاڑی و موٹر سائیکل تو ایک طرف پیدل گزرنے کی اجازت بھی نہیں ہے جبکہ دوسری طرف مال روڈ سمیت دیگر مختلف مقامات کے لوگ اس وقت پر کہیں نہیں جا پاتے دونوں اطراف پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران و ملازمین الرٹ ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
”مشرق“ سروے میں شہریوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کرکٹ کی بحالی بہت اچھی بات ہے لیکن راستے بند کر کے مشکلات میں اضافہ کر دیا گیا ہے، قذافی سٹیڈیم کے ارد گرد رہنے والوں کا جینا دو بھر ہو گیا جب مرضی پولیس ٹیمیں چیک کرنے کےلئے رات گئے پہنچ جاتی ہیں، کوئی بیمار ہویا سوگیا ہو حاضری دینا پڑتی ہے جبکہ تمام تر معلومات کا ریکارڈ پہلے ہی حاصل کرنا چاہیے،پولیس ٹیموںکی رات گئے اچانک گھروں تک رسائی سے خواتین کو پریشانی کا سامنا ہے،غریب دکانداروں اور ٹھیلے لگانے والوں کو بھی تنگ کیا جانے لگا،مقامی رہائشی افراد کو ایمرجنسی کی صورت میںیا بچوں کی سکولوں،کالجوں اوراکیڈمیوںسے واپسی ناممکن ہو گئی ،راستہ نہ ملنے پر ٹریفک وارڈنز اور شہریوں میں تلخ کلامی عام ہو گی۔
شہریوں نے مزید کہا پہلے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہے،رہی سہی کسر پٹرول مہنگا کر کے پوری کر دی گئی ہے،راستوں کی بندش سے طویل سفر کر کے گھروں تک پہنچنے سے پٹرول اخراجات میں اضافہ ہو گیا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے اپیل ہے قذافی سٹیڈیم کے گردوانوح میں رہائش پذیر افراد پر بھی تھوڑی توجہ دی جائے اور آنے جانے میں حائل رکاٹوں کو دور کیا جائے جبکہ ٹریفک پولیس ترجمان نے کہا ہے ٹریفک کی روانی میں کوئی مشکل پیش نہیں آ رہی، تمام افسران و وارڈنز اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں، صرف ٹیموں کے گراﺅنڈ میں جانے اور واپسی کےلئے تھوڑی دیر ٹریفک روکی جاتی ہے۔
PSLعوام کیلئے عذاب،راستے بند،زندگی اجیرن،”مشرق“ سروے میں شہری پھٹ پڑے



















