لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا ہے۔ سنٹرل پولیس آفس میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب سجائی گئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے 59 افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد و کیش انعامات سے نوازا، ایوارڈز حاصل کرنے والوں میں سیالکوٹ کے 28،جھنگ 4 حافظ آباد 2، چنیوٹ کے 2، راولپنڈی کے 10، وہاڑی کے 3، ملتان 3، خانیوال 2، ڈی جی خان کے 2 جبکہ میانوالی کا ایک افسران و اہلکاروں کو انعامات سے نوازا گیا، ان بہادر افسران و اہلکاروں نے آرگنائزڈ کرائم، منشیات فروشی کے خاتمے، شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کیا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے افسران و اہلکاروں کو مزید تندہی سے فرائض ادائیگی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جرائم اور شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کئے جائیں۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو ذیشان اصغر، اے آئی جی ڈسپلن شائستہ ندیم، اے آئی جی ویلفیئر ساجد کھوکھر اور اے آئی جی ایڈمن ڈاکٹر محمد رضوان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ دریں اثنا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ ٹریفک پولیس افسران واہلکاروں کی آپریشنل ذمہ داریاں دیگر یونٹس کی نسبت زیادہ سخت ہیں،شدید گرمی سردی اور برسات میں سڑک پر کھڑے رہنے والے ٹریفک افسران و اہلکار ہمارا فخر ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ٹریفک وارڈنز محکمہ پولیس کے ایمبیسیڈرز ہیں، خوش اخلاقی سے محکمہ پولیس کا مثبت تشخص یقینی بنائیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ ٹریفک پولیس کے لائسنسنگ، ٹریننگ سمیت پبلک فیسیلٹی سنٹرز کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے، ٹریفک وارڈنز دوران ڈیوٹی ٹریفک ریگولیشن اور مینجمنٹ پر فوکس سے روڈز پر شہریوں کو ہرممکن سہولت فراہم کریں، ان خیالات کااظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں سینئر ٹریفک وارڈنز کو محکمانہ پروموشن پر نئے عہدے کے رینک لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل پولیس آفس میں ترقی پانے والے 47 سینئرٹریفک وارڈنز کو رینک لگانے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ترقی پانے والے سینئر ٹریفک وارڈنز، انکے اہل خانہ اور بچوں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سینئر پولیس افسران نے ٹریفک افسران کو نئے عہدوں کے رینک لگائے اور سینئر ٹریفک وارڈنز کو مبارک باد دیتے ہوئے مزید دلجمعی سے فرائض ادائیگی کی ہدایت کی۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں نے آئی جی پنجاب کی ہدایات کے مطابق فرائض کی ادائیگی کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو، ایس ایس پی ٹریفک، سکیورٹی ڈویڑن سمیت سینئر افسران بھی موقع پر موجود تھے۔
شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے :آئی جی پنجاب



















