لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر طبی مسائل سے دوچار پولیس ملازمین کی مالی معاونت کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے پولیس ملازمین کو علاج معالجے کیلئے مزید 13 لاکھ روپے جاری کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فالج کا شکار کانسٹیبل محسن رضا شاہ کو الیکٹرک بیڈ کی خریداری کیلئے 2 لاکھ 45 ہزار روپے دئیے گئے، اے ایس آئی راجہ شاہد محمود کو اہلیہ کے بریسٹ کینسر کے علاج کیلئے 2 لاکھ روپے دئیے گئے، ڈرائیور کانسٹیبل حنیف مرحوم کی اہلیہ کو کینسر، کانسٹیبل غازی اعجاز احمد کو جگر کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔ کانسٹیبل غلام رسول کو ریڑھ کی ہڈی،اے ایس آئی آصف ندیم کی اہلیہ کو کینسر کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس دئیے گئے، سب انسپکٹر ذوالفقار علی اعوان کو آنکھوں، کانسٹیبل رمضان کو ٹانگ فریکچر کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپے جاری کئے گئے، کانسٹیبل قیصر عباس خان اور ہیڈ کانسٹیبل سعید احمد کو طبی اخراجات کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس دئیے گئے، نائب قاصد شبیر احمد کو اہلیہ کے علاج کیلئے 70 ہزار روپے دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ہر ممکن معاونت کا سلسلہ جاری رہیگا۔ دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شیخوپورہ میں فائرنگ سے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او شیخوپورہ کو واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب کی بذریعہ ویڈیو کال ڈاکو¶ں کا مقابلہ کرنے والے ڈی جی خان پولیس کے جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکی حوصلہ افزائی کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آپریشن کی بہترین کمانڈ پر آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور ڈی پی او احمد محی الدین کو خراج تحسین پیش کیا اور ڈاکو¶ں کا مقابلہ کرنے والی پولیس ٹیم کے لیئے 05 لاکھ روپے انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ آئی جی پنجاب نے ویڈیو کال پر جوانوں سے آپریشن سے متعلق تفصیلات حاصل کیں اور جوانمردی سے ڈاکو¶ں کا مقابلہ کرنے پر پولیس جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، آئی جی پنجاب نے مقابلہ کے دوران شہید ہونے والے اہلکار شہریار کی جرات و بہادری کو خصوصی طور پر خراج عقیدت پیش کیا، آئی جی پنجاب نے شہید کے ورثاءکے لیے تمام مراعات فوری دینے کی ھدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہید کے خاندان کی مکمل کفالت کریں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی اہل خانہ کو زندگی کے کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔
پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ہر ممکن معاونت کا سلسلہ جاری رہیگا:آئی جی پنجاب



















