لاہور (اپنے نمائندے سے) الیکشن کمیشن کے احکامات نظر انداز، واسا لاہور کا سکیل 18کا ایکسین رانا قوثین ناز حلقہ پی پی 171کے آزاد امیدوار اور پی ٹی آئی کے سابق جنرل سیکرٹری سمن آباد ٹاﺅن کی سیاسی سرگرمیوں میں براہ راست ملوث، کارنر میٹنگ کے انتظامات کرنے میں دن رات مصروف ۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کی جانب سے ضابطہ اخلاق جاری کئے گئے ہیں جس کے مطابق تمام وفاقی اور صوبائی اداروں سمیت ڈوسٹرکٹ انتظامی اداروں کے سرکاری افسران و ملازمین پر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور سہولت کاربننے پر مکمل پابندی عائد کررکھی ہے جس کی خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کارروائی کرتے ہوئے نوٹس جاری کرکے میسر ثبوت کے بعد کیس الیکشن کمیشن کو بھیجے گا واسا لاہور شعبہ ایسٹ مینجمنٹ کے ایکسین رانا قوثین ناز کی جانب سے الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سابق پی ٹی آئی سمن آباد ذون کے جنرل سیکرٹری اور حلقہ پی پی 171کے آزاد امیدوار کی حیثیت سے عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے والے میاں امجد اقبال کی انتخابی سرگرمیوں میں براہ راست شمولیت اختیار کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز امیدوار حلقہ پی پی 171کے امیدوار کی سیاسی سرگرمیوں پر کارنر میٹنگ کا اپنے گھر میں اہتمام کیا گیا جس میں عام انتخابات میں آزاد امیدوار کی مکمل حمائت اور سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ واسا انتظامیہ کی جانب سے سیاسی سرگرمیوں میں براہ راست حصہ لینے والے سکیل 18کے ایکسین کے خلاف ثبوت کی فراہمی کے باوجود کارروائی کرنے کی بجائے معاملہ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسر کو ضابطہ اخلاق پر پابند کرنے کی کسی قسم کی منصوبہ بندی نہیں دیکھنے میں آرہی۔ ڈسٹرکٹ آفیسر کا کہنا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی میں ملوث سرکاری افسر و ملازمین کے خلاف رولز کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب ترجمان نے روزنامہ ”مشرق“ کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اس معاملہ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر مقرر کئے گئے ہیں وہ اس خلاف ورزی پر تصدیق کرکے کارروائی کرنے کی خاطر کیس الیکشن کمشنر کو بھیجیں گے۔ واسا ترجمان نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی واسا افسر یا ملازم کو سیاسی سرگرمیوں کا حصہ نہیں ہونا چاہیے، اگر ایسا کسی نے کیا ہے تو اس پر متعلقہ ایکسین سے تحریری طور پر جواب طلب کیا جائیگا اور تحقیقات کی جائیں گی، ثابت ہونے پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔
الیکشن کمیشن کے احکامات نظرانداز، واسا کا ایکسین سیاسی سرگرمیوں میں براہ راست ملوث



















