آرگنائزڈ کرائم یونٹ کا دائرہ کار تمام اضلاع تک بڑھائیں گے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے پیشہ ورانہ امور بارے اجلاس،آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے رواں برس 24 ہزار 524 مقدمات کے چالان جمع کرواتے ہوئے 34619 ملزمان گرفتار کئے جس میں قتل ، ڈکیتی سمیت اے کیٹیگری کے 913 ملزمان ،201 گینگز کے 662 ملزمان گرفتار کئے۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ کیپٹن (ر)لیاقت علی ملک نے رواں برس کی کارکردگی بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کو 82 ملین روپے سے زائد رقم مجرمان سے ریکور کروا کر واپس کی گئی جبکہ منشیات کے 1972 مقدمات چالان کرتے ہوئے 2126 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔قتل، ڈکیتی اور سنگین جرائم کے 7 ہزار سے زائد مقدمات سمیت 8215 مقدمات کے چالان جمع کروائے۔لاہور میں ٹارگٹ کلنگ ، اغوا برائے تاوان سمیت کوئی بھی ہائی پروفائل کیس زیر التواءنہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی رواں سال کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔ان کا کہنا تھا آرگنائزڈ کرائم یونٹ صوبائی دارالحکومت سے سنگین جرائم کے قلع قمع میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ آرگنائزڈ کرائم یونٹ کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھائیں گے۔صوبائی دارالحکومت میں جرائم کنٹرول میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ کا کردار 70 فیصد سے زائد ہے۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب نے اے ایس پی سے سب انسپکٹر پروموٹ ہونے والے افسران کے اعزاز میں سب انسپکٹرز کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب سجائی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی نے پروموٹ ہونے والے 51 سب انسپکٹرز کو نئے عہدے کے رینک لگائے۔ ترقی پانے والوں میں آپریشن برانچ کے 24، انویسٹی گیشن کے 23، ایلیٹ کے 2، سپیشل برانچ کے ایک اور سی سی پی او آفس کا ایک سب انسپکٹر شامل ہیں۔ تقریب میں ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ، بچوں اور عزیز و اقارب نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور پولیس نے رواں برس کے دوران 33 پروموشن بورڈ اجلاس منعقد کرکے 4000 اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی دی،گذشتہ سات برسوں میں لاہور پولیس میں پروموشن بورڈز کے 27 اجلاسوں میں صرف 5182 افسران و اہلکاروں کو ترقیاں دی گئیں یوں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ایک برس میں 20 ہزار ترقیوں کے ٹارگٹ میں لاہور پولیس نے 20 فیصد حصہ ڈالا، ترقی پانے والوں میں کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل سے اے ایس آئیز جبکہ اے ایس آئیز سے سب انسپکٹر رینک پر افسران و اہلکار شامل ہیں۔