لاہور (خبرنگار)وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 275 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 274 بجلی چوروں کے خلاف ایف آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے 147 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ 10افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پکڑے جانیوالے کنکشنوں میں 11 کمرشل، 4 زرعی اور 260 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشن منقطع کرکے ان کو 300684 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 11867424 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانیوالے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو 102 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 36993 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 36601 ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں جمع کروائی گئیں، 35138 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر16132 ملزمان کو گرفتار بھی کرکیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 58059472 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2263140564 ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ دریں اثناءلاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نادرن سرکل کی فیض پور سب ڈویژن میں لیسکو کی ریکوری ٹیم پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ نا دہندہ صارف کی جانب سے کی گئی۔نادہندہ صارف نے گولی لائن مین امتیاز باجوہ کی ٹانگ پر ماری جس سے وہ شدیدزخمی ہو گئے ۔لائن مین امتیاز باجوہ کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے ان کا کہنا ہے کہ ملزم کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔لیسکو ریجن میں ملازمین و افسران پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ دوسری طرف لاہور سمیت لیسکوریجن کے تمام سرکلز میں بڑھتی ہوئی سموگ کے باعث چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کی وجہ سے کنڈکٹرز اور انسولیٹرز پر گرد جم جانے اور سموگ کے باعث اس میں نمی پیدا ہونے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوتی ہے۔جس کے سدباب کے لئے ان کنڈکٹرز اور انسولیٹرز کی صفائی ضروری ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سموگ کے دوران بجلی کی سپلائی بحال رکھنے اور کسی بھی بریک ڈا¶ن سے بچنے کے لیئے جی ایس او/آپریشن اسٹاف ٹرانسمیشن لائنوں کی صفائی میں کوئی کوتاہی نہ برتے۔ چیف لیسکو کا کہنا ہے کہ ٹرانسمیشن لائنوں کی صفائی اور مرمت کیلئے خصوصی طور پر بکٹ ماونٹیڈ کرینوں کا استعمال کیا جارہا ہے جس کے استعمال سے نہ صرف صفائی کا دشوار گزار عمل آسان ہو رہا ہے بلکہ اسٹاف کی سیفٹی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دریں ازاں چیف انجینئر او اینڈ ایم (ٹی اینڈ جی) کے زیرنگرانی جی ایس او کی ٹیمیں سالانہ مرمتی اور ترقیاتی کام سر انجام دے رہی ہیں۔
بجلی چوروں کیخلاف آپریشن، 24 گھنٹوں میں مزید 10 افراد گرفتار



















