لاہور (خبرنگار) مچھلی منڈی کو شہر سے باہر آباد کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد تو درکنار الٹا بدبو اور فضلہ کی وجہ سے سیوریج سسٹم کی تباہی کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی جامع حکمت عملی تک مرتب نہ کی جاسکی ہے۔ ریڑھیوں اور سڑک کے اوپر مچھلی رکھ کرفروخت کرنے والوں کی بہتات کے باعث سڑک سکڑ کر رہ گئی ہے جبکہ ٹریفک کا نظام درہم برہم رہنا معمول کی بات بن چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق زونل افسر ریگولیشن داتا گنج بخش تنویر بلوچ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ اور چیف افسر کو مچھلی منڈی کے خلاف آپریشن کرنے کے معاملے پر مسلسل گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے، افسر ریگولیشن آپریشن کی حامی بھرنے کے بعد لیت و لعل سے کام لیکر ڈنگ ٹپاﺅ پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے۔ ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ زونل افسر نے منڈی میں آپریشن نہ کرنے کے وعدے پر مبینہ طور پر 15 لاکھ روپے کی دیہاڑی لگا رکھی ہے، تشویش کی بات یہ ہے مچھلی کی بدبو اور تجاوزات کے باعث قریبی رہائشیوں، تاجروں اور مسافروں کو درپیش تکالیف کے ازالے کیلئے بلدیہ عظمیٰ کوئی سنجیدہ پیشرفت کرنے میں ناکام ہے۔
مچھلی منڈی شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے جامع حکمت عملی کا فقدان ،گندگی عوام کیلئے وبال جان بن گئی



















