سانحہ APSنے عزم کو مضبوط تر کیا،قوم نے دہشتگردی کی جنگ جیت لی،نگران وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے 9 برس قبل دشمن نے مستقبل، چمن کی ننھی کونپلوں کو روند کر دہشتگردی کےخلاف جنگ میں قوم کے حوصلے پست کرنے کی ناکام کوشش کی،سانحہ آرمی پبلک سکول نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کر دیں،پاکستانی قوم امن تباہ کرنے کا سوچنے والے تمام شرپسندوں کو جہنم واصل کرنے تک سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سانحہ آرمی پبلک سکول کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں،آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ عظیم نے قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا،پوری قوم کی ہمدردیاں ان والدین کےساتھ ہیں جن کے بچوں نے سانحہ میں عظیم قربانی دی،پرنسپل آرمی پبلک سکول شہید طاہرہ قاضی و دیگر نہتے اساتذہ اپنے طالب علموں کو بچانے کیلئے درندوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہے اور جام شہادت نوش کیا،انسانی تاریخ میں قربانی کی ایسی تابندہ مثالیں بہت کم ملتی ہیں،پاکستانی قوم دہشتگردی کی جنگ جیت چکی ۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاقوم نے دشمن کے شر انگیزی ،انتشار پھیلانے کے تمام حربے ناکام کر دیئے جس قوم میں شہید طاہرہ قاضی اور شہید اعتزاز حسن جیسے نڈرلوگ دوسروں کو بچانے کیلئے اپنی جان کی بھی پرواہ نہ کریں اس قوم کو بزدل دہشتگرد کبھی ہرا نہیں سکتے،نگران وزیر اعظم نے کہا پوری قوم کو اپنے عظیم شہدا اور اہلخانہ پر فخر ہے،پوری قوم سانحہ آرمی پبلک سکول کی یاد میں غم زدہ ضرور ہے مگر پہلے سے زیادہ مضبوط اور عفریت کےخلاف متحد ہے،دشمنوں کو میرا واضح پیغام ہے پاکستانی قوم متحد ہے۔