لاہور (خبرنگار) وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔89 روز سے جاری آپریشن کے دوران کل33444 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے33059 ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں جمع کروائی گئیں،31896 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر15672 ملزمان کو گرفتار بھی کرکیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 55700004 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2181732250 ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 288 کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،288 بجلی چوروں کے خلاف ایف آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے 144 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ 15 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ تمام کنکشن منقطع کرکے ان کو345911 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 11583692 روپے ہے۔لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔علاوہ ازیں چوہنگ سب ڈویژن میں ایس ڈی او مبین عالم کی سربراہی میں چیکنگ آپریشن کے دوران ایک میٹر مشکوک پایا گیا ، چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ میٹر پر درج سیریل نمبر اور بل پر موجود سیریل نمبر میں فرق ہے ، مزید تحقیقات سے پتہ چلا کہ مذکورہ میٹر بوگس ہے اور مالکان کی جانب سے ازخود لگایا گیا ہے ۔ اس موقع پر ملزمان کی جانب سے بوگس میٹر اتار کر اصل میٹر لگانے کی بھی کوشش کی گئی تاہم لیسکو حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں میٹر قبضے میں لیکر ملزمان کیخلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرادیا ہے ۔ دوسری طرف لیسکو چیف کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیر ِنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں چیف انجینئرز تحصیلداروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ 85 روز سے جاری مہم کے دوران49227ڈیفالٹرز سے ایک ارب53 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کر لی گئی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ نا دہندگان کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، انکے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہےگا۔
لیسکو کی نادہندگان کیخلاف مہم جاری، 89 روز میں 15672 بجلی چور گرفتار، ڈٹیکشن بل چارج



















