اسسٹنٹ ایڈمن بلدیہ عظمیٰ کی من مانی، 257 روز بعد چارج سنبھالنے کی رپورٹ قانون سے بالاتر ہونے کا ثبوت

لاہور ( خبر نگار ) پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ریسرچ اسسٹنٹ نے 257 روز بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن بلدیہ عظمیٰ لاہو رکے عہدے کا چارج سنبھالنے کی رپورٹ جمع کرا کے قانون سے بالاتر ہونے کا ثبوت دیدیا۔ قواعد و ضوابط کے مطابق زیادہ سے زیادہ 7 روز کے اندر عہدے کا چارج سنبھالنا ضروری ہوتا ہے بصورت دیگر مجاز اہلکار کے خلاف ضابطہ کی کاروائی شروع ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں مگر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن امیر علی کے معاملے میںقانون کے ساتھ قانون کی جو خلاف ورزی ہوئی ہے اس میں چیف افسر سمیت مجاز افسروں کے خلاف بھی ضابطے کی کاروائی کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سابق ایڈمنسٹریٹر کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے گریڈ 15 کے ریسرچ اسسٹنٹ امیر علی کو اختیارات سے تجاوز کی پاداش میں ناراضی دکھاتے ہوئے اپنے قریب ہونے سے روک دیا تھا جس کے بعد مذکورہ اہلکار نے واپس اپنے محکمے میں جانے کے بجائے میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ایڈجسٹ ہونے کیلئے مشکوک لیٹر جاری کروا لیا جس کے مطابق مذکورہ اہلکار کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن کے آرڈر 17-3-23تیار ہوئے مگر چارج نہ سنبھالا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امیر علی ایڈمنسٹریشن شپ بدلنے کا انتظار کررہا تھا جوں ہی کمشنر سے ڈی سی کو ایڈمنسٹریشن شپ منتقل ہوئی اس کے فوری بعد مذکورہ اہلکار نے ڈی سی لاہور کے قریب ہونے کی روائتی چالوں کا جلوا دکھانا شروع کردیا تھا، تاہم ایڈمنسٹریٹر کے موڈ کودیکھتے ہوئے امیر علی نے 257 روز بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن کا چارج سنبھالنے کی رپورٹ جمع کروا کر پالیسی بنانے والوں کو ان کی اوقت یاد کرا دی ہے۔ دوسری طرف پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ریسرچ اسسٹنٹ امیر علی نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ میں نے ابھی تک کوئی چارج رپورٹ پیش نہیں کی ہے یہ میرے خلاف سازش کے تحت کسی اور نے میرے سائن کرکے رپورٹ جمع کروا کر میری نیک نامی کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے، میری چیف افسر اور ایڈمنسٹریٹر رافعہ حیدر سے درخواست ہے کہ ایسی کسی چارج رپورٹ کو درست تسلیم نہ کیا جائے۔