اقلیتوں کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس کا اہم کردار ہے،آسٹریلوی ہائی کمشنر کی آئی جی سے ملاقات میں گفتگو

لاہور (کرائم رپورٹر) آسٹریلین ہائی کمشنر مسٹر نیل ہاکنز کی قیادت میں آسٹریلوی ہائی کمیشن کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، آسٹریلوی ہائی کمیشن کے وفد میں سیکنڈ سیکرٹری پولیٹیکل میری رابرٹسن، پروگرام آفیسر متین امین سمیت دیگر افسران شامل تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آسٹریلین ہائی کمشنر کوکرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ جیتنے پر مبارک باد دی۔ دوران ملاقات پنجاب پولیس اور آسٹریلوی حکومت کے درمیان سکیورٹی امور میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے ہوا۔آسٹریلوی ہائی کمشنرنیل ہاکنز نے کہاکہ پنجاب پولیس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جدید ٹریننگ، تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے دہشت گردی کے خاتمے میں فرنٹ لائن فورس کی حیثیت سے پنجاب پولیس کی کاوشوں اور قربانیوں کو سراہا۔ دریں اثناء ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم کیلئے ایک اور احسن اقدام لیتے ہوئے معروف لیڈنگ نجی سکولز اینڈ کالجز سسٹم کے ساتھ ایم او یو سائن کیا ہے۔سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سہیل افضل نے ایم او یو پر دستخط کئے، وزیر برائے پلاننگ، ڈویلپمنٹ اینڈ انوائرمنٹ بلال افضل نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ ایم یو او کے تحت پولیس ملازمین کے بچوں کو نجی گروپ کے سکولز اور کالجز میں فیس میں خصوصی رعایت دی گئی ہے، پولیس شہدا کے بچوں کو تمام اخراجات میں 100 فیصد جبکہ دیگر ملازمین کے بچوں کو 50 فیصد رعایت دے دی گئی ہے، قبل ازیں حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو زیادہ فیس ادا کرنا پڑتی تھی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی کاوش سے پولیس بچوں کو حاصل رعایت کو 30 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس کے 3 شہدا کی فیملیز سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے 02 پولیس شہدا کی فیملیز کو جدید رہائشی سہولیات سے مزین ہاوسنگ سوسائٹیز میں نئے گھروں کی چابیاں بھی دیں،کانسٹیبل محمد قیصر شہید اور نوید حنیف شہید کے اہل خانہ کو نئے گھروں کی چابیاں دی گئیں۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ کو تعلیم، صحت سمیت تمام معاملات میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا،آئی جی پنجاب نے شہداءکے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس شہدا کے اہل خانہ نہایت قابل احترام، انکے لئے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔