ریلوے پولیس کا قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن،5کنال اراضی واگزار

لاہور (اپنے نمائندے سے) ڈویژ نل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور حنیف گل کی ہدایت پر شاہدرہ ریلوے سٹیشن کے علاقے میں اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کیا گیا، اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے نتیجے میں قبضہ مافیا سے ریلوے کی 5 کنال قیمتی زمین واگزار کرالی گئی، آپریشن کے دوران واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 50 لاکھ روپے ہے، آپریشن کے موقع پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا تاہم قبضہ مافیا کےخلاف آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔

اینٹی انکروچمنٹ آپریشن اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر چودھری تنویر اختر کی زیر نگرانی ہوا جبکہ انسپکٹر آف ورکس یاسر عرفات، اسسٹنٹ ورکس انسپکٹر نبیل، ایس ایچ او ریلوے پولیس شہزاد احمد، چوکی انچارج ریلوے پولیس حسن سمیت ریلوے اہلکاوں نے آپریشن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا،اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے حوالے سے ڈی ایس ریلوے نے کہا ریلوے زمینوں کی حفاظت کیلئے آخری حد تک جائیں گے تاہم ریلوے کے مفاد میں انتہائی اقدامات سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا اور ریلوے پراپرٹی کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائےگی، قبضہ مافیا سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائےگی اور قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری رکھا جائے گا۔