ہنر مند نوجوان ملک کی معاشی ترقی میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں:گورنر پنجاب

لاہور(اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس لاہور میں چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر (ر)ساجد کھوکھر نے ملاقات کی جس میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ فنی تعلیم کے فروغ سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند نوجوان ملک کی معاشی ترقی میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ٹیکنیکل کورسز طلبا کو روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں جس سے یقینا کئی خاندان معاشی طور پر خود کفیل اور خوشحال ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل تعریف ہے کہ ٹیوٹا نوجوان نسل کو فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم دیکر انہیں معاشی طور پر خودمختار بنا رہا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اس جدید دور میں تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو پیشہ وارانہ تعلیم سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔