ایم ڈی واسا کی کرپشن ،فیول میں خرد برد ،محکمہ کو ماہانہ لاکھوں کا ٹیکہ

لاہور(اپنے نمائندے سے)واسا ایم ڈی کا ویژن کرپشن فری محکمہ کی منصوبہ بندی کے برعکس نشتر ٹاﺅن سب ڈویژن انڈسٹری ایریا میں وہیکل ٹریکٹر کی مد میں یومیہ کی بنیاد پر جاری فیول میں خرد برد کاانکشاف ،سیاسی سینٹی ٹیشن ورکر عرصہ دراز سے ڈرائیور تعینات ہے۔

واسا لاہور عرصہ سے مالی مسائل کا شکار دکھائی دے رہا ہے جس پر قابو پانے کی خاطر ایم ڈی واسا غفران چودھری کی جانب سے موجود وسائل سے آمدنی میں اضافہ کرنے کی منصوبہ بندی اختیار کر رکھی ہے ،افسران و ملازمین کو اخراجات میں کمی کرنے کے احکامات جا ری کر رکھے ہیں جس میں بجلی اور فیول کے غیر ضروری استعمال کی روک تھام سمیت دیگر اخراجات شامل ہیں اور واسا کو کرپشن فری محکمہ بنانے کی حکمت عملی اختیار کر رکھی ہے ۔

ذرائع کے مطابق نشتر ٹاﺅن کی سب ڈویژن انڈسٹریل ایریا کی انتظامیہ کی جانب سے ایم ڈی واسا کی کرپشن فری محکمہ کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کی منصوبہ بندی اختیار کر رکھی ہے، اس حوالے سے سب ڈویژن کے سیور مین سی بی اے مشعل یونین کے ذمہ دار شاہد مسیح جو کہ وہیکل ڈرائیور کی خدمات ٹرالی ٹریکٹر نمبر LSK2107 دے رہا ہے ،اس وہیکل کو یومیہ کی بنیاد پر 20لٹر کے قریب فیول دیا جا رہا ہے، مبینہ طور پر ٹرالی ٹریکٹر دفتر میں کھڑی کر رکھی ہے جبکہ فیول جاری کیا جا رہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے شاہد مسیح بنیادی طور پر سیور مین ہے لیکن سیاسی اثر وسوخ ہونے کی وجہ سے عرصہ دراز سے غیر قانونی طور پر بطور وہیکل ڈرائیور کام کر رہا ہے اور ریگولر ڈرائیور ز کو غیر فعال کیا گیا ہے ،مبینہ طور پر فیول میں خرد برد کرتے ہوئے سب ڈویژن انڈسٹری ایریا محکمہ کو مالی نقصان پہنچانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے جو ایم ڈی واسا کے کرپشن فری منصوبہ پر پانی پھیرنے کا منہ بولتا ثبوت ہے ،ایس ڈی او سب ڈویژن انڈسٹریل ایریا کے ایس ڈی او عمیر کو موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا انہوں نے کال اٹینڈ نہ کی ،واسا ترجمان کے مطابق معاملہ کی انکوائری نشتر ٹاﺅن انتظامیہ سے کرائی جائےگی۔