ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے نہر لوئر باری دوآب کے کناروں پر کوڑے کو آگ لگانے کے واقعات کی روک تھام کیلئے میونسپل کارپوریشن سے قابل عمل پلان طلب کر لیا، شہریوں کو آلودگی سے بچانے کیلئے کوڑے کو آگ لگانے کے واقعات روکنا نہایت ضروری ہے، لینڈ فل سائٹ کیلئے مناسب جگہ تلاش کرنے کی بھی ہدایت۔ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ نہر کنارے کوڑے کو آگ لگانے پر شہریوں کی مسلسل شکایات کو دور کیا جانا اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے چیف آفیسر کو فوری طور پر قابل عمل حل پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر کے کوڑے کو ٹھکانے لگانے کے لئے عارضی ڈمپنگ سائٹ بنانے کی بھی ہدایت کی۔ بعدازاں اپنے دفتر میں سموگ کی روک تھام کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے دھان کی فصل کو آگ لگانے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں اور کسانوں کو اس کے مضرات اثرات سے بچانے کے بارے میں آگہی بھی دیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں 795اینٹوں کے بھٹے قائم ہیں جو تمام کے تمام زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیے گئے ہیں تاہم زہریلا دھواں خارج کرنے کے واقعات پر ان بھٹوں کو یکم مارچ سے اب تک 72لاکھ 50ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے جبکہ22کو سیل بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فضائی آلودگی پھیلانے والے 135صنعتی اداروں کو نوٹس جاری کئے گئے اور13کو سیل کر کے 6لاکھ50ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح 8768گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور دھوان چھوڑنے والی6726گاڑیوں کا چالان کر کے انہیں 31لاکھ31ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
کوڑے کو آگ لگانے کے واقعات روکنا نہایت ضروری ہے :کمشنر ساہیوال



















