لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے سینکڑوں شہداءکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ ایم او یوز سائن کئے ہین جس کے تحت ان ہسپتالوں میں پولیس شہداءکے اہل خانہ والدین، اہلیہ اور بچوں کو بالکل فری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ ایم اویوز سائن کرنے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی جس میں میو ہسپتال، جنرل ہسپتال، سروسز ہسپتال، گنگا رام ہسپتال، جناح ہسپتال، چلڈرن ہسپتال اور گھرکی ٹیچنگ ٹرسٹ ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز، عہدیداران نے شرکت کرکے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ساتھ اہم معاہدوں پر دستخط کئے۔دوسری طرف پنجاب پولیس شہریوں کو خدمات کی فراہمی پر سٹیزن فیڈ بیک لینے والا پاکستان کی پولیس سروسز کا پہلا ادارہ بن گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں پولیس فیڈ بیک مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا، نجی انٹرنیشنل کمپنی کے سی ای او سلیم غوری کی افتتاحی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو پولیس فیڈ بیک مینجمنٹ سسٹم کے اغراض و مقاصد بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس نے شہریوں کو اپنی سروسز کے ساتھ فیڈ بیک کے لئے کیو آر کوڈ بھی جاری کیا ہے، شہری پولیس خدمت مرکز، فرنٹ ڈیسک، تحفظ مرکز،ٹریفک اور دیگر پولیس دفاتر، پنجاب پولیس کی ویب سائٹ،پبلک ایپ اور دیگر محکمانہ دستاویزات پر پرنٹ کیوآر کوڈ کو سکین کرکے اپنی آرا دے سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے آئی ٹی وسافٹ وئیر سلوشن کمپنی (نیٹ سول) کے سی ای او سلیم غوری نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ دوران ملاقات پنجاب پولیس کے زیر استعمال سافٹ وئیرز اور انکے اپ گریڈیشن بارے تبادلہ خیال کیا گیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ڈیش بورڈ کی ورکنگ اور جدید مانیٹرنگ سسٹم کے بارے میں بریف کیا۔ پنجاب پولیس نے اپنے تمام آپریشنل سسٹم کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرکے سروس ڈلیوری کے عمل کو مزید آسان کیا ہے تاکہ شہری سہولت کے ساتھ ان خدمات سے مستفید ہوسکیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس سروسز کے متعلق شہریوں کے فیڈ بیک کے حصول کیلئے پولیس فیڈ بیک مینجمنٹ سسٹم کا آغاز بھی کیا گیا ہے جس سے حاصل ہونے والے فیڈ بیک کی روشنی میں پبلک سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ دوران ملاقات سلیم غوری نے پولیس سافٹ وئیرز کا جائزہ لیتے ہوئے اپ گریڈیشن بارے اپنی تجاویز دیں۔اس موقع پر سلیم غوری نے اپنی پروفیشنل جدوجہد کا احاطہ کرتی کتاب آئی جی پنجاب کو پیش کی۔ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کی یادگاری شیلڈ سلیم غوری کو دی۔ ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
آئی جی پنجاب کا پولیس شہدا کے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے تاریخی اقدام



















