”بیرون ملک گرفتار ہونےوالے 90فیصد بھکاری پاکستانی“

اسلام آباد (بیورورپورٹ)سیکرٹری اوور سیز پاکستانیز نے قائمہ کمیٹی میں انکشاف کیاہے بیرون ملک گرفتار ہونےوالے 90فیصد بھکاری پاکستانی ہیں۔

سینیٹر رانا محمودالحسن نے کہا جاپان نے 3 لاکھ 40 ہزار ہنرمند افراد مانگے ، بھارت ڈیڑھ لاکھ، نیپال نے 91 ہزار ہنرمند جاپان بھیجے، بنگلہ دیش ،سری لنکا نے بھی ہنرمند افراد جاپان بھیجے تاہم پاکستان سے صرف 200 افراد جاپان گئے۔

رانا محمودالحسن نے کہا50 ہزار انجینئر بیروزگار ہیں جبکہ نیپال کی3 کروڑ آبادی ہے، انہوں نے اپنے لوگوں کو جاپانی سکھا دی، سعودی عرب کی جانب سے بھی اب ہنرمند افراد کو لیاجا رہا ہے، سعودی عرب کو اب سادہ لیبر نہیں سکلڈ لیبر چاہیے۔

سیکرٹری سمندر پار پاکستانیز ذیشان خانزادہ نے کہاایک ملین کے قریب پاکستانی سمندر پار ہیں، بھارت اور بنگلہ دیش ہم سے بہت آگے ہیں، سعودی عرب میں سکلڈ سینٹر بنا دیا ، یو اے ای میں 16 لاکھ افراد ہیں جبکہ قطر میں 2 لاکھ پاکستانی کام کرتے ہیں۔

ذیشان خانزادہ نے کہا موجودہ صورتحال میں پاکستانی بیرون ملک جانے کو تیار ہیں، گداگر سب سے زیادہ باہر جا رہے ہیں، جتنے فقیر گرفتار ہوتے ہیں ان میں سے 90 فیصد پاکستانی ہوتے ہیں، عراقی و سعودی سفیر کہتے ہیں ملک کی جیلیں بھر گئیں،بھکاری زیادہ تر عمرہ ویزہ پر جاتے ہیں۔