اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعلیٰ و صدر پی ٹی آئی پرویزالٰہی نے کہاہے تمام سیاستدان انتخابات سے قبل حفاظتی ضمانت کرالیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی پر کمرہ عدالت میں سماعت سے قبل صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویزالٰہی نے کہاانتخابات بروقت ہونے چاہئیں کیونکہ الیکشن نہ ہو نے سے نظام رکا ہوا ہے میں الیکشن سے قبل باہر آجاوں گا یا نہیں یہ تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے تاہم جو حالات چل رہے ہیں تمام سیاست دانوں کو الیکشن سے قبل حفاظتی ضمانت کرا لینی چاہیے۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی سے بیک ڈور مذاکرات پر کچھ نہیں کہہ سکتا، چودھری شجاعت سے دوبارہ ملاقات ہوگی،صحافی نے سوال کیا کہ بلاول کا کہنا ہے شیخ رشید ،پرویز الٰہی اندر رہیں یا باہر کوئی فرق نہیں پڑتا تو پرویز الٰہی نے کہا بلاول کو اپنی سالگرہ منانے دیں۔
صحافی نے سوال کیا سنا ہے نواز شریف کے آنے کی تاریخ بدل رہی ہے،پرویزالٰہی نے جواب نواز شریف خود بھی بدل گیا ، جیل کا کھانا دیا جاتا ہے جس سے طبیعت ناساز رہتی ہے، پہلے ڈاکٹر کی سہولت میسر تھی،مہنگائی سے عام آدمی ختم ہوچکا ،بجلی مہنگی ہونے کے اصل ذمہ دار نواز ،شہباز ہیں۔
بعدازاں چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر توڑ پھوڑ کیس پر سماعت ہوئی، پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا،پرویز الٰہی روسٹرم پر آگئے اور کہا میرا پیٹ خراب ہے، جج نے کہا اللہ خیر کرے گا۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہامیرے سیل کے باہر بھی دیوار کھڑی کر دی گئی،تازہ ہوا تک نہیں آتی سیل کے باہر اجنبی کو بٹھایا ہوا ہے،جج نے استفسار کیا اجنبی کون ہے کیا نام ہی اجنبی ہے؟ چلیں پتہ کرتے ہیں اجنبی کون ہے۔
جج نے کہا پرویز الٰہی لاہور میں درج اینٹی کرپشن کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں کیا ضمانت کی درخواست دائر کی ہے؟،وکیل نے جواب دیا جی! اینٹی کرپشن کیس میں بھی ضمانت کی درخواست دائر کر کھی ہے، عدالت سے استدعا ہے کوئی لمبی تاریخ دے،جج نے کہا ہمارا کیا ہے 40 دن بعد کی تاریخ دے دیتے ہیں، عدالت نے سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
تمام سیاستدان انتخابات سے قبل حفاظتی ضمانت کرالیں،پرویزالٰہی



















