بجلی، گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن، کاروبار مغرب کے وقت بند،تجویز پیش

اسلام آباد، لاہور (بیورو رپورٹ+ خبرنگار+ کامرس رپورٹر) بجلی، گیس چوروں کیخلاف ملک گیر کریک ڈاﺅن کا آغاز، لیسکو ریجن میں گرینڈ آپریشن کے دوران اہم شخصیات سمیت 330 بجلی چوروں کی نشاندہی جبکہ وزارت توانائی نے دکانیں، کاروبار مغرب کے وقت بند کرنے کی تجویز پیش کردی۔

سیکرٹری توانائی راشد لنگڑیال نے بیان میں کہا بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاو¿ن شروع ہوگیا، کریک ڈاو¿ن میں تمام چیف سیکرٹریز اور آئی جی پولیس کا تعاون ہے، معلوم ہے چوروں کےخلاف مہم آسان نہیں لیکن ناکامی کی کوئی گنجائش نہیں، سیکرٹری توانائی نے کہا فیلڈ فارمیشن کو ہدایت کردی بجلی چوروں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کریں۔

ادھر وفاقی پاور ڈویژن برائے توانائی کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیرنگرانی لیسکو کے تمام سرکلز میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کیا گیا۔ لیسکو ترجمان کی جانب سے جاریکردہ اعلامیہ کے مطابق دوران آپریشن تمام سرکل میں 330 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔

تمام بجلی چوروں کےخلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کردیں جن میں سے 130 ایف آئی آرز رجسٹرڈ، 11 ملزموں کو گرفتار کیا جاچکا، کنکشنز منقطع کرکے 1,037,425 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی رقم 47,427,301 (چار کروڑ 74لاکھ 27301) روپے ہے، بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں اہم شخصیات بھی ملوث پائی گئیں، تمام کے کنکشنز بھی منقطع کردئیے۔

سابق ایم این اے مہر سعید ظفر پڈھیار کو 8620 یونٹس (250,000 روپے، سابق چیئرمین ضلع کونسل رانا ایوب کو 1096 یونٹس (69,457) روپے، کیبل آپریٹر سجاد احمد منڈی فیض آباد کو 2500 یونٹس (125,000) روپے، نذر حسین سابق کونسلر پی ایم ایل این کو (12029) یونٹس(264,638) روپے ، ندیم احمد گوگھ کو 9565 یونٹس (414,545) روپے، اللہ توکل سابق وائس چیئرمین پی ایم ایل این کو (5156) یونٹس (268,112) روپے، طارق جاوید پی ٹی آئی ورکر کو (4753) یونٹس (205,247) روپے، ذیشان علی کو (3009) یونٹس(129,023) روپے، ساجد منظور عرف منا پرنس کو (65000) یونٹس (560,000) روپے، رانا اعجاز سابق کونسلر کو (8144) یونٹس (325,750) روپے، اکرم وائس چیئرمین پی ایم ایل کیو کو (13722) یونٹس (686,100) روپے اور گرین کیپ سوسائٹی کو (71943) یونٹس (3,597,150) روپے کی رقم چارج کی گئی۔

لیسکو چیف نے کہا بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلاتفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا، آپریشن کے دوران بجلی چوروں کےساتھ ساتھ سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسروں و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔

ادھر گیس چوری کےخلاف بھی ملک گیر آپریشن شروع کردیا گیا، منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) سوئی ناردرن عامرطفیل نے کہا گیس چوری پر قابو پانے کےلئے ٹیکنالوجی کی مدد لی، 3 سال میں 803 مقدمات کئے، 361 ملازمین کےخلاف کارروائی کی گئی، عامر طفیل نے مزید کہا 50 فیصد سے زیادہ گیس بیرون ملک سے درآمد کی جاتی ہے، امپورٹڈ گیس لوکل گیس سے 3 گنا مہنگی ہے۔ دوسری جانب وزارت توانائی نے بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے ملک بھر میں دکانیں و کاروبار مغرب کے وقت بند کرنے کی تجویز پیش کردی۔

ذرائع وزارت توانائی کے مطابق تجویز پر یکم اکتوبر سے 15 فروری تک عملدرآمد کا امکان ہے، تمام چیمبرز آف فیڈریشن و تاجر تنظیموں سے مشاورت شروع کردی گئی، تجویز پر چاروں صوبائی حکومتوں کو عمل کرنے کا کہا جائیگا جبکہ بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے قانون سازی کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے۔ اقدام سے روزانہ 1500 میگاواٹ سے زائد بجلی کی بچت ہوگی۔

دریں اثنا آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت کی جانب سے دکانیں و کاروبار مغرب کے وقت بند کرنے کی مجوزہ تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے ملک بھر کے تاجر پاکستان کےلئے قربانی دینے کےلئے تیار ہیں، حکومت تمام تاجر تنظیموں سے مشاورت کا آغاز کرے، اتفاق رائے سے اعلان کیا جائے، حکومت کو گارنٹی دینا ہوگی کسی پوش و چھوٹے علاقے کی تفریق کے بغیر ایک ہی وقت کاروبار کھلے اور بند ہوگا۔

ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا اگر ملک میں کاروبار جلد شروع کر کے جلد بند کرنے کی روایت پروان چڑھ گئی تو مجموعی طور پر ملک کا ہی فائدہ ہے، پہلے بھی متعدد بار فیصلے کئے گئے لیکن حکومتی کمزوری کی وجہ سے عملدرآمد نہیں ہوسکا، حکومت سے اپیل ہے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔


آل پاکستان انجمن تاجران کی سپریم کونسل کے چیئرمین نعیم میر نے کہا آزاد کشمیرِ گلگت بلتستان، اسلام آباد سمیت چاروں صوبے ،تمام کنٹونمنٹس اور ڈی ایچ ایز بھی عمل کریں، تجویز ہو گی اگر تاجر قربانی دے رہے ہیں تو حکومت بھی ریلیف کی صورت میں کچھ مراعات دے اگر صبح 8 سے 12 بجے تک یونٹس استعمال کئے جائیں تو قیمت آدھی کر دی جائے اور 12 بجے سے شام 6 بجے تک موجودہ قیمت کو ہی بر قرار رکھا جائے ،حکومت گھبرا کر فیصلے کرنے کی بجائے اتفاق رائے سے پورے سال کےلئے ایک ہی بار کاروبار کے وقت کا تعین کرکے قانون بنائے، نہیں ہونا چاہیے بڑے سٹور پیسے کے بل بوتے پر کاروبار جاری رکھیں اور چھوٹے تاجرکا کاروبار زبردستی بند کرا دیا جائے ۔