اسلام آباد (بیورورپورٹ) نگران وزیرخزانہ شمشاد اختر نے کہاہے آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد کرکے ٹیکس محصولات بڑھائیں گے،ڈاکٹر شمشاد اختر کاایف بی آر ہیڈ کوارٹرز آمد پر حکام نے استقبال کیا، چیئرمین ایف بی آر و بورڈ ممبران نے محصولات ہدف پر بریفنگ دی۔
نگران وزیر خزانہ نے کہا 9400ارب کا ہدف حاصل کرنے کےلئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے، ان لینڈ ریونیو، کسٹم، سیلز ٹیکس کے شعبوں میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاکر اصلاحات لائی جائیں گی۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ٹیکس محصولات بڑھانے کےلئے ایف بی آر میں اصلاحات ناگزیر ہیں، آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے ٹیکس محصولات بڑھائی جائیں گی،نگران وزیر خزانہ نے ایف بی آر میں اصلاحات کیلئے عالمی اداروں کےساتھ شراکت داری بڑھانے کی بھی ہدایت دی اورایف بی آر سے محصولات ہدف حاصل کرنے کا پلان طلب کرلیا،نگران وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کےساتھ ٹیکس شرائط پر بھی بریفنگ لی۔
قبل ازیںنگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ،نگران وزیر خزانہ نے معاشی ڈسپلن یقینی بنانے اور معاشی عدم مساوات دور کرنے کےلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاسرمایہ کاری کے فروغ کےلئے کوششیں تیز کی جائیں گی۔
آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد کرکے ٹیکس محصولات بڑھائیں گے، شمشاد اختر



















