جشن آزادی پر خواتین، بچوں کی سکیورٹی کیلئے مربوط انتظامات کئے جائیں :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جشن آزادی کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی اور ٹریفک کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ آئی نے پنجاب نے آر پی اوز ، سی پی او، اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ 76 ویں جشن آزادی کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی و ٹریفک انتظامات یقینی بنائیں،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت سمیت تمام اضلاع میں جشن آزادی کی تقریبات کو بہترین سکیورٹی فراہم کی جائے، سرکاری و نجی سطح پر ہونے والے بڑے عوامی اجتماعات، ریلیوں اور دیگر تقریبات کی سکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات کی جائے، ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ یوم آزادی کی تقریبات پر سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ایس پی یو، ایگزیکٹو پولیس سمیت تمام آپریشنل یونٹس مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں، آر پی اوز، ڈی پی اوز خود فیلڈ میں نکل کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سکیورٹی انتظامات کے دوران مانیٹرنگ و چیکنگ کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈکٹیٹرز کا استعمال یقینی بنائیں۔ دریں اثناء انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جشن آزادی کی مناسبت سے مینار پاکستان کے سائے تلے جشن آزادی کا خصوصی پیغام ریکارڈ کروا کر فورس اور قوم کے نام جاری کیا ہے، آئی جی پنجاب نے مینار پاکستان کے تاریخی مقام پر ریکارڈ کئے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ مینار پاکستان ہماری آزادی، قومی یک جہتی،ارض پاک سے محبت اور ایفائے عہد کی علامت ہے۔ مینار پاکستان اور بادشاہی مسجد کے میناروں کے درمیان میں تین صدیوں کی تاریخ رقم ہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم نے خاک و خون کے دریا سے گذر کر آزادی حاصل کی، اس تاریخی مقام پر بہت جلسے ہوئے تحریکیں چلائی گئیں، پنجاب پولیس آزادی کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی ، انٹیلی جنس ایجنسیاں، پٹرولنگ، ڈولفن، پیرو ، ٹریفک پولیس سمیت دیگر مل کر بہترین انتظامات یقینی بنائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کانسٹیبل سے لے کر ایڈیشنل آئی جی لیول تک پوری فورس کیلئے میرا پیغام ہے،14 اگست کی ڈیوٹی کو ہائی الرٹ ہو کر سر انجام دیا جائے، محکمہ کی عزت اور وقار کو ہر صورت مقدم رکھا جائے، ہلڑ بازی ، ون ویلنگ ، ہوائی فائرنگ اور روڈ بلاک کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق سخت کاروائی کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ خوش اخلاقی اور مثبت رویے کے ساتھ ڈیوٹی سر انجام دیجئے، جشن آزادی کی خوشیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔