پولیس ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خالی آسامیاں پُر کی جائینگی :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پنجاب پولیس اور محکمہ ہیلتھ کے درمیان معاہدہ کے ذریعے ایک اور تاریخی اقدام کیا ہے۔ پولیس ویلفیئر ہسپتال قلعہ گجر سنگھ کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے تحت کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تمام خالی سیٹیں پر کی جائیں گی۔ ہسپتال کی تمام مشینری اور آلات کو فوری طور پر فنکشنل کیا جائےگا، پولیس ویلفیئر ہسپتال میں روزانہ پروفیسرز اور کنسلٹنٹس کی سہولت موجود ہو گی،آنکھوں، آنتوں سمیت تمام سرجری میجر آپریشنز بھی اسی سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال میں ہوں گے،پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے تحت علاج معالجے کی تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے گزشتہ روز صوبائی وزیر صحت کے ہمراہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹرعثمان انورنے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ پولیس ملازمین کو صحتمند ماحول مہیاکرناپنجاب پولیس کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ صحت اللہ پاک کی انمول نعمت ہے، پولیس ملازمین کی سکریننگ کے انتظامات کروانے پر محکمہ صحت کے شکرگزارہیں۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ پولیس ویلفیئرہسپتالوں کی بہتری کیلئے روڈمیپ وضع کردیا گیا ہے،کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پولیس ویلفیئرہسپتالوں میں ٹیلی میڈیسن کی سہولت فراہم کرے گی۔