عوام پر مزید وار،ایل پی جی ،آٹا،چینی ،ٹماٹر مہنگے،گیس بم بھی تیار

لاہور،اسلام آباد(کامرس رپورٹر،بیورورپورٹ)عوام پر مزید وار،ایل پی جی ،آٹا،چینی، ٹماٹر مہنگے،گیس بم گرانے کی تیاریاں بھی کرلی گئیں۔

ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا مافیا نے اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر ہی قیمت میں مزید 50رو پے اضافہ کر دیا ،قیمت 240روپے کلو تک جاپہنچی۔

عرفان کھوکھر نے کہا ملک میں کسی جگہ سرکاری قیمت پر گیس دستیاب نہیں ،ایف آئی اے سرکاری امپورٹر کمپنی ایس ایس جی سی کا ریکارڈ قبضے میں لینے کےلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے۔

ادھر لاہور ، کراچی سمیت مختلف شہروں میں آٹے و چینی کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچیں،20 کلو آٹے کا تھیلا 2900 روپے کلو تک فروخت ہونے لگا۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہاآٹے کی قیمت بڑھنے کا ذمہ دار محکمہ خوراک ہے،سیکرٹری خوراک زمان وٹو نے کہا آٹے کی قیمت بڑھنے کا کوئی جواز نہیں ، بعض مفاد پرست جان بوجھ کر مارکیٹ خراب کر رہے ہیں۔

دریں اثناچینی مزید3روپے کلو مہنگی کردی گئی،3ہفتے میں چینی کی فی کلو قیمت میں 21 روپے کا غیرمعمولی اضافہ ہوا ، ریٹیل میں عوام کیلئے چینی کی قیمت 150 ،آٹے کی فی کلو قیمت 160تک جا پہنچی ۔

جبکہ ٹماٹر کو بھی پر لگ گئے،قیمت میں40روپے کلو کابڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور نئے نرخ120روپے کلو پر جاپہنچے۔

دوسری جانب بجلی قیمتوں میں اضافے کے بعد گیس بم بھی تیار ہوگیا،ذرائع وزارت توانائی کے مطابق گیس کے نرخ بڑھانے کیلئے کام جاری ہے،قیمتوں میں اضافہ ہر صورت ہوگا کیونکہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو لکھ کر دیا ہوا ہے، جائزہ لیا جا رہا ہے کس سلیب کے صارفین کےلئے گیس مہنگی کی جائے۔

ذرائع کے مطابق ماہانہ 300 مکعب میٹر اوراوپر والے گھریلو صارفین کےلئے گیس پہلے ہی بہت مہنگی ہے، کوشش کی جا رہی ہے آخری 3مہنگے ترین گیس سلیب کو نہ چھیڑیں،ذرائع وزارت توانائی کے مطابق گیس قیمتوں میں اضافے کےلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کو تفصیلات آئندہ ہفتے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔