1.2ارب ڈالر کی پہلی قسط موصول،رواں سال پاکستان میں مہنگائی،بیروزگاری کم ہوگی،آئی ایم ایف


اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب 20کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول،عالمی بینک نے پنجاب کیلئے 10کروڑ ڈالر کی منظوری دےدی،قرض کی منظوری کے بعد ڈالر مزید سستا ،سونا مہنگا،سٹاک مارکیٹ میں مندی،سرمایہ کاروں کے اربوں ڈوب گئے۔

پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب 20کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہو گئی،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا عالمی آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کے ایک ارب 20کروڑ ڈالر کی پہلی قسط سٹیٹ بینک میں منتقل کردی ،آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو 3ارب ڈالر ملنے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام 9ماہ کا ہے،پاکستان کو 3ارب ڈالر ملیں گے،توقع ہے زرمبادلہ ذخائر 13اور 14ارب ڈالر کے درمیان ہوں گے، رواں ہفتے سٹیٹ بینک کے ذخائر میں 4ارب 20کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا،سٹیٹ بینک اپنی رپورٹ جاری کرے گا۔


وزیر خزانہ نے کہاقرض پروگرام کے بقیہ ایک ارب 80کروڑ ڈالر 2جائزہ رپورٹس کے بعد پاکستان کو مل جائیں گے،آئی ایم ایف کےساتھ بات چیت میں وزیراعظم شہبازشریف کا کردار اہم رہا ہے، حکومتی معاشی ٹیم نے بھی مشکل اور کٹھن سفر میں بھرپور ساتھ دیا۔

جبکہ ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا نے اپنے بیان میں پاکستان کو پروگرام پر پوری لگن سے عمل کرنا ہوگا، ماضی میں قرض پروگرام کی پالیسیوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا، قرض پروگرام کی پالیسیوں پر عمل نہ ہونے کے باعث پاکستان کے اندرونی و بیرونی مالی ذخائرمیں کمی آئی، پالیسیوں پر تسلسل سے عملدرآمد کے ذریعے عدم توازن دور ہوگا،کرسٹالینا جارجیوا نے کہا نیا سٹینڈ بائے ارینجمنٹ پروگرام پاکستان کےلئے میکرو اکنامک استحکام لانے کا موقع ہے۔


دوسری جانب عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)نے پاکستان کی معاشی کارکردگی پررپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق سال 2023-24میں معاشی شرح نمو 2.5فیصد رہنے کا امکان ہے،آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی کارکردگی منفی 0.5فیصد رہی، حکومت نے جی ڈی پی گروتھ 0.3فیصد مثبت رہنے کا دعویٰ کیا تھا،آئی ایم ایف نے رپورٹ میں کہا سال 2024میں بے روزگاری ساڑھے 8فیصد سے کم ہو کر 8فیصد پر آ جائےگی جبکہ رواں سال اوسط مہنگائی 29.6فیصد سے کم ہو کر 25.9فیصد پر آنے کاامکان ہے،عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق رواںسال مالی خسارہ معمولی کمی سے ساڑھے 7فیصد رہنے کا امکان ہے،آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 0.4فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے، پاکستان کے ذمہ قرضوں کا حجم 81.8فیصد سے کم ہو کر 74.9فیصد پر آجائےگا۔

دریں اثناوزیراعظم شہبازشریف نے ایک ارب ڈالر قرض دینے پر صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر سلمان الجاسر کا شکریہ ادا کیا،وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر سلمان الجاسر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

وزیراعظم نے کہا سٹینڈ بائی معاہدے کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک سے ملنے والے ایک ارب ڈالرز نے اہم کردار ادا کیا، مدد کے بغیر پاکستان کا آئی ایم ایف کےساتھ معاہدہ مشکل تھا، اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کا اہم شراکت دار ہے،وزیر اعظم نے فرانس میں اپنی اور صدر اسلامی ترقیاتی بنک کی خوشگوار ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا پاکستان اسلامی ترقیاتی بنک کےساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔

شہبازشریف نے دوران گفتگوسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے قیام سے بھی آگاہ کیا ،صدر اسلامی ترقیاتی بینک نے کہا پاکستان برادر ملک ہے ،تعاون جاری رکھیں گے،وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر سلمان الجاسر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

ادھرعالمی بینک نے پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کے پروگرام کیلئے 10کروڑ ڈالر کی امداد منظور کرلی،پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے کہا عالمی بینک کے ایگزیکٹوبورڈ نے پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات میں بہتری لانے کیلئے 10کروڑ ڈالرامداد کی منظوری دی ، پروگرام کا بنیادی مقصد 2030تک پنجاب میں تولیدی صحت ،خاندانی منصوبہ بندی کے طریقوں کو 60فیصد کی سطح پر پہنچانا ہے،پاکستان کیلئے اہم پروگرام ہے کیونکہ ملک کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے ترقی اور نمو کی رفتار سست ہو رہی ہے، پروگرام کے تحت خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ،آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔

ناجی بن حسائن نے کہا پنجاب کے بعض اضلاع میں پہلے سے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ،مثبت اثرات سامنے آئے ، عالمی بینک کی معاونت سے پروگرام پنجاب کے تمام اضلاع میں صوبائی محکمہ بہبود آبادی ، محکمہ صحت کے تعاون سے آگے بڑھایا جائےگا۔

مزید برآںعالمی مالیاتی فنڈ سے قرض کی منظوری کے بعد روپے کی قدر میں بہتری ،ڈالر اپنی قدر کھونے لگا ،کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 2پیسے کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد انٹربینک میں امریکی کرنسی 276روپے 46پیسے بند پر بند ہوئی ،جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے ریکارڈ کی گئی۔

علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے،بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 13ڈالر اضافے کیساتھ 1959ڈالر ہوگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4ہزار اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 3ہزار 429کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،

مزید برآںآئی ایم ایف سے قرض کی منظوری کے باوجود پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھا وکے بعد بڑی مندی آئی،حصص مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، ایک موقع پر کاروبار میں تیزی 600پوائنٹس سے زائد ہو گئی تھی تاہم حصص مارکیٹ میں 100انڈیکس 247.99پوائنٹس کی مندی کے بعد 45266.96پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا،پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.54فیصد کی تنزلی دیکھی گئی، 22کروڑ 52لاکھ 16ہزار 885شیئرز کا لین دین ہوا، مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 30ارب سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔