تمام عقائد کا احترام ہم پر لازم: کمشنر لاہور، محرم میں فول پروف سیکورٹی ہوگی: سی سی پی او

لاہور (کرائم رپورٹر+ خبرنگار) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور کمشنر لاہور محمد علی رندھا وا کی زیرِ صدارت پولیس لائنز، قلعہ گجر سنگھ میں محرم الحرام کے پ±رامن انعقاد کیلئے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران قیام ِامن اور سیکورٹی انتظامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مجالس و جلوسوں کے منتظمین نے اجلاس کو محرم الحرام میں متوقع مسائل سے آگاہ کیا۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منتظمین ِ مجالس و جلوس کی سیکورٹی، پیچ ورک، تجاوزات، لائٹس کی تنصیب، پارکنگ، مون سون موسم کے پیش نظر کھمبوں میں کرنٹ اور سوریج سمیت دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ امن کمیٹی ممبران، منتظمین جلوس اور لائسنس ہولڈرز سے باقاعدگی سے میٹنگز کی جا رہی ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے ڈویژنل ایس پیز کو امن کمیٹی ممبران، منتظمین ِمجالس و جلوس سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔ سی سی پی او لاہور نے منتظم کی تھانہ شفیق آباد کے علاقے میں منشیات فروشی کی شکایت پر متعلقہ ایس پی کو معاملے کی انکوائری کر کے24گھنٹے میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ مجالس و جلوسوں کے اوقات ِ کار اور روٹ کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 3868 مجالس کی سکیورٹی کے فرائض 20788 افسران و اہلکار سر انجام دیں گے جبکہ لاہور میں عشرہ محرم کے 364 جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کیلئے فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرم کے دوران عزاداری جلوسوں کی سیف سٹی اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ منتظمین کے تعاون سے مجالس کے شرکاءکی چیکنگ کے عمل کو موثر بنایا جائے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ اسلام بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لاہور پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت الرٹ ہے۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے امن و امان کے قیام کیلئے امن کمیٹی اور علما کرام کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بہترین انتظامات کروانے اورمسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔کمشنر لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام عقائد کا احترام ہم پر لازم ہے۔امن کمیٹی کے ممبران، منتظمین، جلوس، متولیوں، لائسنس ہولڈرز نے محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ منتظمین ِ مجالس وجلوس نے قیام ِ امن کیلئے لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کی ستائش کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر، ڈی آئی جی (آپریشنز)سید علی ناصر رضوی، ایس ایس پی (آپریشنز)صہیب اشرف، سی ٹی او لاہوکیپٹن(ر)مستنصر فیروز، ایس پی(سیکورٹی)، ایس پی(ڈولفن)سمیت تمام ڈویژنل ایس پیز اور متعلقہ پولیس افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران، امن کمیٹی کے ممبران، مجالس اور جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز اور منتظمین بھی موجود تھے۔