اگلے سال مہنگائی کی شرح7.5فیصد تک محددو کرنے کاہدف مقرر

اسلام آباد(بیورورپورٹ)رواں سال قرض ادائیگی کےلئے5700ارب درکار،اگلے سال مہنگائی کی شرح7.5فیصد تک محددو کرنے کاہدف مقرر،وزارت خزانہ نے میڈیم ٹرم ڈیبٹ سٹریٹجی رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال قرض ادائیگی کےلئے 5ہزار 700 ارب ،اگلے سال 5ہزار 500 ارب درکار ہوں گے،2026 سے 2027 کے دوران قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ بتدریج کم ہوگا،3سال میں بیرونی قرض مجموعی ملکی قرض کے 40 فیصد تک لایا جا سکے گا،بانڈز و طویل مدتی پالیسی کے تحت قرض لینا ترجیح ہو گی، رپورٹ میں مزید کہا گیانیا قرض فکسڈ شرح سود کی بجائے فلوٹنگ ریٹ پر حاصل کیا جائے گا، عالمی مارکیٹ سے 10سے 15 سالہ مدت کیلئے قرض حاصل کیا جائے گا، کمرشل قرض کےلئے معاہدے کی مدت 3سال یا زیادہ رکھی جائے گی۔

وزارت خزانہ کے مطابق 2026ءتک معاشی شرح نمو ساڑھے 5 فیصد تک پہنچ جائے گی،3سال میں مہنگائی نمایاں کمی سے 6.5فیصد پر آ جائے گی، اگلے سال مہنگائی کی شرح 7.5فیصد تک محدود کرنے کا ہدف مقرر کردیا،آئندہ سال جی ڈی پی گروتھ 5فیصد اور مالیاتی خسارہ 5.1فیصد رہنے کا امکان ہے۔