اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،خبر نگار)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ڈسکوز کے مالی سال 23-2022 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دے دی،نیپرا نے تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک روپے 25 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔
اضافے کا اطلاق جولائی، اگست اور ستمبر کے بلوں پر ہو گا۔
دوسری جانب پنجاب میں مہنگی گندم کے سبب آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا،مارکیٹ ذرائع کے مطابق پنجاب میں مہنگی گندم کے سبب فلور ملز نے 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100روپے اضافہ کر دیا، میدہ فائن کی بوری کی قیمت بھی 200 روپے بڑھا دی گئی۔
صوبائی دارالحکومت میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی پرچون قیمت 2750تا 2800روپے ہوگئی جبکہ فائن میدہ کی بوری 11500روپے میں فروخت ہوگی، پنجاب بھر میں آٹا اور فائن میدہ کی نئی قیمتیں نافذ کر دی گئیں،چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہاتھیلے کی قیمت آئندہ دنوں مزید بڑھ جانے کا اندیشہ ہے، گندم امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے، امپورٹ کرنے سے گندم مافیا کی کمر توڑی جا سکتی ہے۔
عوام کو بڑا دھچکا،بجلی1.25فی یونٹ، پنجاب میں 20کلو آٹے کا تھیلا 100روپے مہنگا



















